0
Tuesday 24 Apr 2018 19:09

تعلیمی اداروں میں طلباء کی برین واشنگ کا معاملہ، پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع

تعلیمی اداروں میں طلباء کی برین واشنگ کا معاملہ، پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں فوج کیخلاف برین واشنگ کرنے کی رپورٹ کے بعد مسلم لیگ (ق) کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری عامر سلطان چیمہ نے تحریک التواء جمع کروا دی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں 23 سرکاری اور 47 پرائیویٹ کالجز میں منظم سازش کے تحت فوج سمیت قومی اداروں کیخلاف ذہن سازی کی جا رہی تھی۔ پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ قومی اداروں کیخلاف گھناؤنی سازش پر عرصہ دراز سے کام جاری تھا، اس کیلئے 5 غیر ملکی خفیہ ایجنسیز باقاعدہ کام کر رہی ہیں۔ تحریک کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی 3 سیاسی جماعتیں بھی اس گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں، طلبہ کی برین واشنگ کیلئے مافیا نے جعلی فلمیں، جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں، جن کو دکھا کر ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ قومی ادارے ظلم کر رہے ہیں۔ تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کو ان نوجوان طلبہ و طالبات کے سامنے مظلوم بنا کر پیش کیا جاتا ہے، پاکستان کی 21 این جی اوز بھی اس گھناؤنی سازش کا ساتھ دے رہی ہیں۔ تحریک التواء کے مطابق لاہور کی 2 نجی اور 3 سرکاری جامعات میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے، کراچی کے بعد سب سے زیادہ فنڈنگ لاہور میں کی جا رہی ہے، ان طلباء و طالبات کو پاکستان اور پاکستانی اداروں کیخلاف تیار کیا جا رہا ہے۔ تحریک التواء کے مطابق ایسے کام پر متعین اساتذہ کو بھاری فنڈنگ کی گئی ہے جبکہ کئی اساتذہ کو غیر ملکی دورے بھی کروائے گئے ہیں۔ تحریک التواء میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان اس سازش کی مذمت کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس کیخلاف کارروائی کرے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 720202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش