0
Tuesday 24 Apr 2018 19:06

کوئٹہ، ایک گھنٹے میں تین خودکش حملے، 5 اہلکار جاں بحق، 7 زخمی

کوئٹہ، ایک گھنٹے میں تین خودکش حملے، 5 اہلکار جاں بحق، 7 زخمی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں ایک گھنٹے کے اندر 3 خودکش حملوں کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 خودکش حملہ آور بھی مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میاں غنڈی میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب 2 خودکش حملے ہوئے، حملوں میں ایف سی کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں حملہ آور مارے گئے، مارے جانے والے بمبار ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق حملہ آرورں کی جانب سے ایئرپورٹ روڈ پر پولیس وین کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں 5 اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔

دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ میں 3 خودکش بمباروں کے حملے کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دو خودکش بمباروں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ تیسرے حملہ آور نے ایئرپورٹ روڈ پر پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اس دہشتگرد حملے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے خودکش حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
خبر کا کوڈ : 720236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش