QR CodeQR Code

آئین و نظریہ پاکستان پر عمل نہ کرنے والے حکمران دہشتگرد ہیں، لیاقت بلوچ

24 Apr 2018 22:43

ملتان میڈیا سینٹر میں ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کی خرید و فروخت نے سب کے چہرے بےنقاب اور جمہوریت کے چہرے کو داغدار کر دیا ہے، سیکولر مفاد پرست اسلوب سیاست ناکام ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام ہی انسانوں کے مسائل کا حل ہے، آئین پاکستان ریاست چلانے کی رہنمائی دیتا ہے لیکن حکمران اور مقتدر طبقہ عمل نہیں کرتے، آئین اور نظریہ پاکستان پر عمل نہ کرنے والے حکمران دہشتگرد ہیں۔ ظلم، جبر اور لاقانونیت کی وجہ سے نوجوانوں میں ردعمل پیدا ہوتا ہے۔ بلوچستان کے عوام، نوجوانوں اور خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور باعزت زندگی کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کا مرکز و محور ہے، گوادر کے عوام کو مطمئن کیا جائے، مارشل لاء حل نہیں ہے، عوام کا اعتماد، ملک کا استحکام و ترقی شفاف، غیرجانبدار اور بروقت انتخاب سے ہے۔ سینیٹ انتخابات کی خرید و فروخت نے سب کے چہرے بے نقاب اور جمہوریت کے چہرے کو داغدار کر دیا ہے، سیکولر مفادپرست اسلوب سیاست ناکام ہے، ملک کو نئے بیانیہ، صاف ستھری سیاست اور نئی صف بندی کی ضرورت ہے، دینی جماعتیں ظلم و جبر کے نظام کے خاتمہ کے لئے عوام کی نجات دہندہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سینٹر میں سیکرٹری اطلاعات کنور محمد صدیق سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، جمعیت علمائے پاکستان، مرکزی جمعیت اہلحدیث، اسلامی تحریک جیسی ملک گیر دینی سیاسی جماعتوں کا باوقار اتحاد ہے، تمام مسالک کے علماء اور ہمدرد اس اتحاد کے گرد جمع ہو جائیں گے۔ انتخابات 2018ء میں متحدہ مجلس عمل کا کلیدی کردار ہوگا، 2 مئی کو اسلام آباد میں قومی ورکرز کنونشن میں متحدہ مجلس عمل کے مرکزی قائدین منشور اور انتخابی حکمت عملی کا اعلان کریں گے، اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے مقابلہ کے لئے ملک گیر رابطہ عوام مہم کا آغاز کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 720294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/720294/آئین-نظریہ-پاکستان-پر-عمل-نہ-کرنے-والے-حکمران-دہشتگرد-ہیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org