QR CodeQR Code

کوہاٹ پولیس نے محمد زئی مسلح تنظیم کے 13 کارندوں کو گرفتار کر لیا

15 May 2011 15:08

اسلام ٹائمز:ضلعی انتطامیہ، پولیس، سیاسی قیادت اور مقامی عمائدین کی اتفاق رائے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ مبارک زیب خان نے محمد زئی مسلح تنظیم ختم کرنے اور اسکی غیرقانونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے علاقہ عمائدین پر مشتمل قانونی حیثیت کی حامل 15 رکنی اصلاحی امن کمیٹی قائم کر دی ہے، اور یوں مسلح تنظیم کے مرکزی دفتر کو تالے لگا کر سیل کر دیا گیا ہے


کوہاٹ:اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ محمد زئی مسلح تنظیم کے 13 کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مذکورہ تنظیم کو غیرقانونی قرار دیکر اس کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے اس کے مرکزی دفتر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز محمد زئی میں مسلح تنظیم غازی رجب خان کے اسلحہ بردار کارندوں کی تھانہ کینٹ پولیس کیساتھ ہتھک آمیز چھیڑ خانی اور اہلکاروں کو ہراساں کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کوہاٹ پولیس حکام کے احکامات کی روشنی میں پولیس اور ایلیٹ فورسز نے مختلف کاروائیوں کے دوران مسلح تنظیم کے 13 کارندوں حاجی گل، تلاوت خان، طفیل، زبیر، واجد، گل حیدر، ندیم، خانان، جمشید، سبز علی، مسلم خان، طاہر زمان اور تاج محمد کو گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا ہے۔ 
دریں اثناء ضلعی انتطامیہ، پولیس، سیاسی قیادت اور مقامی عمائدین کی اتفاق رائے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ مبارک زیب خان نے محمد زئی مسلح تنظیم ختم کرنے اور اسکی غیرقانونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے علاقہ عمائدین پر مشتمل قانونی حیثیت کی حامل 15 رکنی اصلاحی امن کمیٹی قائم کر دی ہے، اور یوں مسلح تنظیم کے مرکزی دفتر کو تالے لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او مبارک زیب خان کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی، معاشرے کی اصلاح اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے اہم اقداما ت کیے جا رہے ہیں اور حکومتی رٹ چیلنج کرنے والے عناصر سے کوئی رعایت کئے بغیر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا جبکہ محمد زئی مشران نے ضلعی پولیس سربراہ کی تائید میں متفقہ طور پر بدامنی کے حامی عناصر کے خلاف پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کیساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 72039

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/72039/کوہاٹ-پولیس-نے-محمد-زئی-مسلح-تنظیم-کے-13-کارندوں-کو-گرفتار-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org