QR CodeQR Code

کیریئر گائیڈنس کے فقدان سے نوجوان طلبہ کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں، سلمان محمدی

25 Apr 2018 18:39

آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیم الہی اہداف کے حصول کیلئے ہے، آئی ایس او روز اول سے آج تک اس معاشرے کو نا صرف بہترین تعلیم یافتہ نوجوان دیئے بلکہ اسلامی تعلیم کے ذریعہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو اس معاشرے کو اسلامی بنانے کیلئے وہ افراد فراہم کیے جو آج استعماری ہتھکنڈوں کے آگے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم سلمان محمدی نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ترغیب تعلیم مہم کے تحت ملک بھر میں تعلیمی ورکشاپس، کیرئیر گائیڈنس سیمینارز کا سلسلہ جاری ہے، مہم کے دوران ملک بھر میں ضلعی سطح پر کیرئیر گائیڈنس سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، مئی کے دوسرے ہفتے تک ماہرین تعلیم طلبا کی میٹرک کے بعد علمی میدان کے درست انتخاب کیلئے رہنمائی کرینگے۔ سلمان محمدی نے کہا کہ درست کیریئر گائیڈنس کے فقدان سے نوجوان طلبہ کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرک طلبہ کی رہنمائی کیساتھ ساتھ یونیورسٹیز کے طلبہ میں ہائر ایجوکیشن کی ترغیب مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے بارے رہنمائی اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کیلئے رہنمائی کے بارے ورکشاپس کا انعقاد ملک بھر کی تمام جامعات میں جاری ہے، جس میں طلبہ کثیر تعداد شریک ہوئی۔ سلمان محمدی نے کہاکہ آئی ایس او پاکستان میں طلبا کی تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہے، تنظیم کے تحت ملک بھر میں سی ایس ایس سیمینارز، پری بورڈ امتحانات اور آئی ایس او کے تعلیمی کنونشن سمیت کیریئر گائیڈنس سیمینارز کا انعقاد طلبہ کی علمی میدان میں رہنمائی کا وسیلہ ہیں تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سلمان محمدی نے مزید کہا کہ تعلیم الہی اہداف کے حصول کیلئے ہے، آئی ایس او روز اول سے آج تک اس معاشرے کو نا صرف بہترین تعلیم یافتہ نوجوان دیئے بلکہ اسلامی تعلیم کے ذریعہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو اس معاشرے کو اسلامی بنانے کیلئے وہ افراد فراہم کیے جو آج استعماری ہتھکنڈوں کے آگے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 720502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/720502/کیریئر-گائیڈنس-کے-فقدان-سے-نوجوان-طلبہ-خواب-ادھورے-رہ-جاتے-ہیں-سلمان-محمدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org