0
Friday 27 Apr 2018 20:45

مینار پاکستان جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں گئیں تو حالات کے ذمہ داران حکمران خود ہوں گے، چودھری سرور

مینار پاکستان جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں گئیں تو حالات کے ذمہ داران حکمران خود ہوں گے، چودھری سرور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹر چودھری سرور نے کہا کہ مینار پاکستان کے جلسے کیلئے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور (ن) لیگ کی سیاست اپنے اختتام کی جانب جا رہی ہے، ن لیگ کے کر پٹ لوگوں کو اپنا انجام نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے وہ سپریم کورٹ اور دیگر اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں، سپریم کورٹ کو تنقید کا نشانہ بنانیوالے حکمران بھی سن لیں اب بہت ہو چکا ہے، قوم ان کی کرپشن اور لوٹ مار کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسے میں آنیوالی خواتین پر کسی قسم کی پابندیاں نہیں وہ جیسے چاہے جلسے میں آ سکتی ہیں، ان کیلئے مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی اور خواتین کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں آنیوالوں پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں سب اپنی مرضی کے مطابق تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور تحریک انصاف بھی کسی اور کے اشارے نہیں عوامی سہارے سے سیاست کرتی ہے اور اسی وجہ سے تحریک انصاف آج پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی اور عوامی جماعت بن چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چودھری سرور نے کہا کہ تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسہ کیلئے لاہور میں 100 کیمپوں سے عوام آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور جمعہ کے روز انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن اور انصاف یوتھ ونگ آگاہی ریلیاں نکالیں گے، شہر میں خواتین، ٹریڈر ونگ اور کارکنوں کی جانب سے مزید سو کیمپ لگائے جائیں گے، جہاں تحریک انصاف کے دیگر قائدین بھی موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اپنے اقاموں اور پانامہ جیسے جرائم کی وجہ سے اپنی سیاسی موت مر رہی ہے اور آنیوالی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی اور عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ چودھری سرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی کرپشن نے ملکی معیشت کو معاشی تباہی کا قبرستان بنا دیا ہے، ملک میں سیاست پانامہ اور اقامہ جیسے جرائم سے بدنام ہو رہی ہے، تحریک انصاف کسی اور کے نہیں عوام کے سہار ے سیاست کر رہی ہے، ن لیگ کی وکٹیں کسی کے اشارے نہیں ان کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے گر رہی ہیں، پنجاب پولیس سمیت تمام ادارے ن لیگ کے ونگز کے طور پر کام کر رہے ہیں، اگر مینار پاکستان جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں گئیں تو حالات کے ذمہ داران حکمران خود ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 720899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش