0
Saturday 28 Apr 2018 14:12

سانحہ صفورا میں سزائے موت یافتہ 2 دہشتگرد نجی اسکول بم حملہ کیس میں بری

سانحہ صفورا میں سزائے موت یافتہ 2 دہشتگرد نجی اسکول بم حملہ کیس میں بری
اسلام ٹائمز۔ سانحہ صفورا میں سزائے موت یافتہ 2 دہشتگردوں کو نجی اسکول بم حملہ کیس میں بری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسدادِ دہشتگردی عدالت میں سانحہ صفورا میں سزائے موت پانے والے دہشتگردوں کے خلاف نارتھ ناظم آباد کراچی میں نجی اسکول پر دستی بم حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ استغاثہ کالعدم القاعدہ کے دہشتگردوں کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام ہوگیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے اور عدم شواہد پر سعد عزیز عرف ٹن ٹن اور طاہر حسین منہاس عرف سائیں کو بری کر دیا۔ پولیس نے کہا کہ دونوں دہشتگردوں نے 18 مارچ 2015ء کو نارتھ ناظم آباد میں نجی اسکول پر دھماکا کیا تھا، جس سے اسکول کی بیرونی دیوار تباہ ہوگئی تھی۔ دہشتگردوں کے وکیل نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سعد عزیز اور طاہر حسین منہاس کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں، اسکول انتظامیہ نے بھی ملزمان کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی میں بھی ملزمان کو شناخت نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے دہشتگردوں کو بری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ دہشتگرد سعد عزیز کو اس سے قبل بھی ایک مقدمہ میں بری کیا جا چکا ہے۔ مجموعی طور پر سانحہ صفورا میں سزائے موت یافتہ مرکزی دہشتگرد سعد عزیز پر 10 اور طاہر منہاس پر 9 مقدمات درج تھے۔ واضح رہے کہ 13 مئی 2015ء کو کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں 8 مسلح دہشتگردوں نے اسماعیلی برادری کی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے۔ فوجی عدالت نے ملوث دہشتگردوں کو سزائے موت سنائی تھی۔
خبر کا کوڈ : 721045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش