0
Sunday 29 Apr 2018 14:46

متحدہ مجلس عمل عوام کو متبادل نظام حکومت دے گی، سراج الحق

متحدہ مجلس عمل عوام کو متبادل نظام حکومت دے گی، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل عوام کو متبادل نظام حکومت دے گی، ادھر کے چودھری ادھر کے خان کی باتیں نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل 13 مئی کو لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی جہاں سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے گے، ہمارا نظام ایسا ہوگا جو عوام کی فلاح کیلئے ہوگا، عوام اس وقت عزت کی زندگی اورعزت کے نوالے سے محروم ہیں، موجودہ نظام میں غریبوں کیلئے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو واشنگ مشین کا کردار نہیں کرنا چاہیے، اب اصل وقت آیا ہے ان کا الٹرا ساونڈ کیا جائے، ان کے پیٹوں سے حرام کی کمائی نکالی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے ہاتھوں میں ورلڈ بینک کے قرضوں کی ہتھکڑیاں ڈالی ہیں، ہم آج سے الیکشن کیلئے فنڈز اکھٹنا کرنے کی مہم کا آغاز کرتے ہیں، متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے فنڈ جمع کرنے کی مہم شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں جاگیر دارانہ سیاست کو ختم کرنے کا شعور پیدا کریں گے، 13 مئی کو مینار پاکستان بھی گواہی دے گا کہ کتنا بڑا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرا میاں نواز شریف کو مشورہ ہے کہ وہ کثرت سے استغفار پڑھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھ سے عوام کے مستقبل کے بارے میں پوچھیں، نواز شریف کا نہیں۔ بجٹ کے حوالے سے امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پورا بجٹ 7 کتابوں کو مجموعا ہے، جس میں عوام کو سوائے دلاسوں کے اور کچھ نہیں دیا گیا۔ بجٹ سے ہی ثابت ہو گیا ہے کہ حکمران جماعت کا مستقبل تاریک ہے۔ پاکستان کو صالح قیادت کی ضرورت ہے اور ایم ایم اے ہی ملک کو صالح قیادت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 721240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش