0
Sunday 29 Apr 2018 21:59
امن قائم کرنے کیلئے مضبوط جمہوریت کی ضرورت ہے، ایسی عدلیہ کی ضرورت ہے جو انصاف کر سکے

عمران اور الطاف ایک دوسرے کا عکس ہیں، ایک ہڑتال کرتا ہے تو دوسرا دھرنا دیتا ہے، بلاول بھٹو

اب کراچی کو ’مستقل قومی مصیبت‘ کے ہر دھڑے سے آزاد کروائیں گے، ہمیں ووٹ دیں، شہر کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکے گا
عمران اور الطاف ایک دوسرے کا عکس ہیں، ایک ہڑتال کرتا ہے تو دوسرا دھرنا دیتا ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو ابھی لندن والے سے آزاد کرایا ہے، اب ’مستقل قومی مصیبت‘ کے ہر دھڑے سے آزاد کروائے گی، عمران خان اور الطاف حسین ایک دوسرے کا عکس ہیں، ایک ہڑتال کرتا ہے، تو دوسرا دھرنا دیتا ہے، لاء اینڈ آرڈر کے نام پر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے کا سلسلہ بند کیا جائے، امن قائم کرنے کیلئے مضبوط جمہوریت کی ضرورت ہے، ایسی عدلیہ کی ضرورت ہے، جو انصاف کر سکے، ہمیں ووٹ دیں، کراچی کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں منعقدہ پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وہی علاقہ ہے، جہاں پہلے گولی بعد میں بات کا نعرہ لگا کر نفرت، خوف اور دہشت کو فروغ دیا گیا، لیکن آج اس علاقے میں کھڑے ہو کر جئے بھٹو کا نعرہ لگا کر خطاب کرنے پر خوشی ہے، اہل کراچی کو سلام پیش کرتا ہوں، میں یہاں پیدا ہوا اور یہیں اسکولوں میں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طاقت کے زور پر پیپلز پارٹی کی حمایت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی کچھ بھی کہے، کراچی والے جانتے ہیں کہ تاریکیوں اور نسل پرستوں کے دور میں کوئی کھڑا تھا، تو وہ صرف پیپلز پارٹی تھی، ہمیں یاد ہے کہ گھروں میں گھس کر پی پی کے کارکنوں کو جلا دیا گیا، لیکن دیکھ لو، ہم فنا نہیں ہوئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی میں امن قائم ہو چکا ہے، ہم نے پہلا مرحلہ مکمل کر لیا، اب مستقل امن کیلئے پولیس کو سیاسی بھرتیوں کو پاک کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو ابھی لندن والے سے آزاد کرایا ہے، اب ’مستقل قومی مصیبت‘ کے ہر دھڑے سے آزاد کروائے گی، مستقل قومی مصیبت نے 30 سالوں میں کراچی والوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں ایم کیو ایم مافیا بن کر حکومت کرتی رہی، لیکن کبھی پانی اور بجلی کی کمی کو ختم نہیں کیا، اگر الطاف حسین برا ہے، تو اس کے ساتھی اور سہولت کار بھی برے ہیں، اگر الطاف حسین برا ہے، تو اس کو چھوڑ کر اپنی دکان چمکانے والے بھی برے ہیں، تاہم فیصلہ کراچی کی عوام نے کرنا ہے، ہم الطاف حسین کی سیاست کے پہلے دن سے خلاف ہیں، جو اپنے لیڈر کے نہ ہو سکے، وہ کراچی والوں کے کیسے ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد کراچی میں صفائی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، ہم پورے شہر کو صاف کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس صفائی کے کام میں ایم کیو ایم رکاوٹ بن رہی ہے، ایم کیو ایم کراچی کو صاف نہیں دیکھنا چاہتی، کیونکہ ان کی سیاست کچرے پر اٹکی ہوئی ہے، ایم کیو ایم جانتی ہے کہ اگر شہر صاف ہوگیا، تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، جو لوگ صفائی کے مسئلے پر اکٹھے نہیں ہو سکے، وہ کراچی کے بڑے مسائل پر کیسے متحد ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت نے کے ایم سی کو اربوں روپے دیئے، جن کا کوئی حساب نہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے میئر کراچی کو اربوں روپے دیئے، تاکہ کھل کر کام کریں، لیکن جب کوئی ان سے پیسوں کا حساب مانگتا ہے، تو وہ اختیارات کا رونا روتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی میں 35 سالوں میں جو کچھ ہوا، وہ سب کے سامنے ہے، کراچی کا مسئلہ وہ حل کر سکتا ہے، جو یہاں پیدا ہوا ہو، فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ آپ کیسا کراچی چاہتے ہیں، کراچی دنیا کے 107 ممالک سے بڑا شہر ہے، اس شہر میں بڑے مسائل ہیں، کراچی میں ووٹ دینے والے مسائل سے دوچار ہوتے رہے، ہمیں ووٹ دیں، کراچی کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اور الطاف حسین ایک دوسرے کا عکس ہیں، ایک ہڑتال کرتا ہے، تو دوسرا دھرنا دیتا ہے، پہلے کراچی کو لندن سے بیٹھ کر چلایا جاتا تھا اور اب بنی گالا سے چلانے کے خواب دیکھے جا رہے ہیں، عمران خان وہ شخص ہے، جس نے کراچی والوں کو زندہ لاشیں کہا تھا اور اب اسی شہر سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ووٹ کی عزت کے نام پر عزت نہیں مل سکتی، اگر آپ مزدوروں، خواتین، اقلیتوں، آئین و قانون، پارلیمان اور عوام کی عزت کرتے ہوتے، تو آپ کو عزت ملتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے معروف قوال شہید امجد صابری کے نام پر قوالی انسٹی ٹیوٹ بنانے کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 721337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب