0
Friday 26 Jun 2009 10:59

فضل اللہ کے نائب شاہ دوراں کی ہلاکت کی تصدیق،آرمی چیف کا دورہ وزیرستان،حکومتی رٹ کی بحالی چاہتے ہیں،جنرل کیانی

فضل اللہ کے نائب شاہ دوراں کی ہلاکت کی تصدیق،آرمی چیف کا دورہ وزیرستان،حکومتی رٹ کی بحالی چاہتے ہیں،جنرل کیانی
سوات ،اسلام آباد: سرکاری ذرائع نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے کمانڈر فضل اللہ کے نائب شاہ دوران کو ہلاک کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے انٹیلی جنس رپورٹ پر چارباغ کے قریب شدت پسندوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا اور شدت پسندوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں کالعدم تحریک کے نائب کمانڈر اور مولوی فضل اللہ کے دست راست شاہ دوران کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ کارروائی میں 4 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں نے گرلز اسکول کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے تباہ کردیا۔ دوسری جانب آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن حکومتی رٹ کی بحالی کیلئے شروع کیا گیا ہے جو کہ اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا جبکہ مقامی قبائل عسکریت پسندوں کے مکمل خاتمے کیلئے اپنا بھرپور اثرو رسوخ استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر کیا جہاں آرمی چیف نے آپریشن راہ نجات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا ۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس موقع پر کہا کہ آپریشن میں ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ اس دوران کم سے کم جانی و مالی نقصان ہو۔ انہوں نے آپریشن میں پاکستانی عوام کی جانب سے پاک فوج کی بھر پور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ موجودہ صورتحال میں پاک فضائیہ کا کردار بھی انتہائی اہم ہے ۔ آرمی چیف نے مقامی قبائل کی جانب سے فوج کو دی جانیوالی حمایت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ علاقے سے عسکریت پسندوں کے مکمل خاتمے کیلئے اپنا بھرپور اثر و رسوخ استعمال کریں۔ اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز اور فوجی جوانوں کے ساتھ بھی وقت گزارا جبکہ آپریشن پر مامور افسران و جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی ۔ اس موقع جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بھی چیف آف آرمی اسٹاف کو آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ شاہ دوران تحریک طالبان سوات کے اہم کمانڈر تھے اور فضل اللہ کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں اور لوگوں کو دھمکانے میں بھی پیش پیش رہے، ایف ایم ریڈیو کے ذریعے انہوں نے حکومتی اداروں کے بارے میں بھی سخت الفاظ استعمال کئے تھے۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ فورسز کی آپریشن راہ راست میں پیش رفت جاری ہے اور سرچ آپریشن کا بھی دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے، آپریشن میں کالعدم تحریک کے دیگر ٹاپ لیڈر شپ کے مارے جانے کی بھی اطلاعات موجود ہیں ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے شاہ دوران کے سر کی قیمت 2کروڑ روپے رکھی ہوئی تھی دوسری جانب عسکری حکام نے بھی کالعدم تحریک کے نائب شاہ دوران کے مارے جانے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے پاس بھی مولوی فضل اللہ کے نائب کے مارے جانے کی اطلاعات موجود ہیں تاہم ابھی تک یہ اطلاعات مصدقہ نہیں ہیں اور عسکری حکام اس حوالے سے مزید تفصیلات اکھٹی کررہی ہیں۔ مزید براں آئی ایس پی آر سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے اخون کلے، گمون پل، رنگیلا، خزانہ، وکیل آباد، بیدڑہ اور گڑائی کے باقی ماندہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جبکہ بشام سے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ دیر میں سیکورٹی فورسز نے زوہیب پوسٹ اور لال قلعہ کے اردگرد علاقہ میں سرچ آپریشن کیا۔ فورسز نے شیوہ اور اتالہ میں بھی سرچ آپریشن کیا جہاں ایک مقامی کمانڈر اقبال سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک سگنل کمیونیکیشن ڈیوائس، 2 رائفلیں اور 2 چھوٹی مشین گنیں برآمد کر لی گئیں۔

خبر کا کوڈ : 7215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش