QR CodeQR Code

آئی ایس آئی نے شکیل آفریدی کو فرار کرانے کی امریکی سازش ناکام بنا دی

1 May 2018 19:08

روسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور کی جیل سے فرار کرانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا تاہم پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے سی آئی اے کے اس منصوبہ کو ناکام بنا دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور جیل سے فرار کرانے کی امریکی سازش کو ناکام بنا دیا۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے اسامہ بن لادن کا سراغ لگانے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو چھڑانے کے بدلے پاکستان کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی پیشکش کی تھی تاہم پاکستان نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ روسی ویب سائیٹ کے مطابق واشنگٹن نے ڈاکٹر شکیل کو امریکا کے حوالے کرنے کے لیے پاکستان سے درخواست بھی کی جبکہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے مطالبات میں سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کا معاملہ سرفہرست تھا۔

روسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور کی جیل سے فرار کرانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا تاہم پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے سی آئی اے کے اس منصوبہ کو ناکام بنا دیا، سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے مقامی مخبر نے اس منصوبہ کے بارے میں آئی ایس آئی کو آگاہ کردیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد حراست میں لیا گیا تھا، شکیل آفریدی پر الزام ہے کہ انہوں نے سی آئی اے کو اسامہ بن لادن کا سراغ لگانے میں مدد کی تھی اور سی آئی اے کے ایما پر اسامہ بن لادن کے خون کا نمونہ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 721746

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/721746/ا-ئی-ایس-نے-شکیل-ا-فریدی-کو-فرار-کرانے-کی-امریکی-سازش-ناکام-بنا-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org