0
Wednesday 2 May 2018 08:55

ایم ایم اے کی مخالفت میں مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت مختلف جماعتوں کا اجلاس

ایم ایم اے کی مخالفت میں مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت مختلف جماعتوں کا اجلاس
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا سمیع الحق کی دعوت پر سیاسی اور ذیلی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں جمعیت علماء اسلام (س) کے مولانا عبدالرئوف فاروقی، مولانا شاہ عبدالعزیز، مولانا سید محمد یوسف شاہ، کالعدم اہل سنت و الجماعت کے مولانا احمد لدھیانوی اور متحدہ جمعیت اہل حدیث کے مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری، ملی مسلم لیگ کے محمد حارث ڈار، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مولانا خلیل احمد مخلص، مولانا محمد زبیر البازی، تحریک نوجوانان پاکستان کے عبداللہ گل، انصار الامہ پاکستان کے مولانا فضل الرحمن خلیل، پاکستان راہ حق پارٹی کے حکیم محمد ابراہیم قاسمی، مشائخ پاکستان کی طرف سے صاحبزادہ فیاض الحسن حق باہو اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور حکومتوں کی پالیسی کے نتیجہ میں ملک کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قوم کو استحصالی سیاسی قوتوں سے نجات دلانے اور ملک کو سیاسی، اقتصادی اور معاشرتی بحرانوں سے نکالنے اور داخلی و خارجی سازشوں سے محفوظ بنانے کیلئے مشترکہ سیاسی جدوجہد کی جائے۔

مشاورتی اجلاس میں تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو سات روز میں سیاسی جدوجہد کیلئے اہداف، نام، جھنڈا اور دیگر امور کو حتمی شکل دے گی۔ کمیٹی مولانا عبدالرئوف فاروقی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانا زبیر البازی، سید ضیاء اللہ شاہ، سیف اللہ خالد، پیر محمد سعید احمد، سعید الرشید عباسی شامل ہوں گے۔ اسی طرح ایک سیاسی کمیٹی بنائی گئی جو مختلف جماعتوں اور شخصیات کو اسی اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دے گی۔ سیاسی کمیٹی میں مولانا عبدالرئوف فاروقی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، صاحبزادہ فیاض الحسن حق باہو، مولانا محمد زبیر البازی اور مولانا فضل الرحمن خلیل شامل ہونگے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ کے سیاسی اور مذہبی شخصیات اور مشائخ سے مولانا ڈاکٹر ابو الخیر زبیر رابطہ کریں گے۔

اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے مشائخ کے ساتھ رابطے کی ذمہ داری مولانا سید محمد یوسف شاہ کو سونپی گئی۔ صوبہ بلوچستان میں سیاسی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کو دی گئی۔ جبکہ قومی وطن پارٹی کے ساتھ رابطہ مولانا محمد ابراہیم قاسمی کے ذمے دی گئی۔ صوبہ پنجاب کے مشائخ کے ساتھ رابطہ صاحبزادہ مولانا فیاض الحسن حق باہو کریں گے۔ باقی جماعتوں سے رابطہ کیلئے بھی سیاسی کمیٹی نے منصوبہ بندی کرلی ہے۔ اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ آئندہ ہفتہ 8 مئی کو دوسرا سربراہی اجلاس مولانا سمیع الحق کی دعوت پر اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں اتحاد کے تمام اُمور کو حتمی شکل دینے پر غور کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 721831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش