0
Thursday 3 May 2018 17:41

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حکومت سے علیحدہ ہوگئی، وزراء مستعفی

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حکومت سے علیحدہ ہوگئی، وزراء مستعفی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حکومت سے علیحدہ ہوگئی ہے، جس کے بعد اس کے وزراء اور پارلیمانی سیکرٹری عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔ دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبر پختونخوا حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سراج الحق سے ملاقات کرکے حکومت نہ چھوڑنے کی درخواست بھی کی تھی۔ پشاور میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، اچھی شراکت اقتدار کے بعد الگ ہو رہے ہیں، دوستانہ ماحول میں علیحدگی اختیار کرکے اچھی سیاسی روایت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بھرپور تعاون کیا، میرٹ کا قیام ہمارا مشترکہ ایجنڈا تھا، عوامی مفاد سب سے مقدم ہے، عوامی مفاد کیلئے آئندہ بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اب ایم ایم اے کا حصہ بن چکی ہے، ہمارا کوئی اختلاف ہے اور نہ کوئی جھگڑا، ہم خوشی خوشی الگ ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی نے حکومت کے دوران ہماری کافی مدد کی۔

وزیراعلٰی پرویز خٹک نے مزید کہا کہ کل اسلام آباد میں فاٹا انضمام پر وفاقی نمائندوں سے ملاقات ہوئی، فیصلہ ہوا ہے کہ فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہو جائے گا، 2019ء میں فاٹا کو ضم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد کیلئے درخواست دی تو گورنر کے حکم کے مطابق فیصلہ ہوگا، اپوزیشن جماعتوں نے میرے ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دوسری جانب وزراء کی پریس کانفرنس کے بعد جماعت اسلامی کے 3 وزراء اور ایک پارلمیانی سیکرٹری مستعفی ہوگئے۔ جماعت اسلامی کے مستعفی ہونے والے وزراء میں وزیر بلدیات عنایت اللہ، وزیر خزانہ مظفر سید، وزیر مذہبی امور حبیب الرحمٰن اور پارلیمانی سیکرٹری محمد علی شامل ہیں۔ مستعفی ہونے والوں نے اپنے استعفے وزیراعلٰی کو جمع کرا دیئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 722154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش