QR CodeQR Code

کوئٹہ، شیعہ ہزارہ قوم کی سکیورٹی کیلئے ہزارہ ٹاؤن کے گرد خندقیں کھود دی گئیں

4 May 2018 18:41

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس اور ایف سی نے شیعہ ہزارہ قوم اور مقامی لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ اقدام اٹھایا ہے، چونکہ ہزارہ ٹاؤن جانیوالے تمام راستوں پر سکیورٹی دینا مشکل ہے۔ اس لئے غیر ضروری راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ قوم کے تحفظ کیلئے نئے اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ زنگی نالے سے ہزارہ ٹاؤن میں غیر متعلقہ افراد کی آمد ورفت روکنے کیلئے تقریباً تین کلو میٹر خندق کھود دی گئی۔ سیکٹڑ کمانڈر کوئٹہ ایف سی بریگیڈیئر تصور ستار کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر شیعہ ہزارہ آبادی والے علاقوں کی سکیورٹی کیلئے مزید اقدامات شروع کر دیئے۔ زنگی نالے سے ملحقہ ہزارہ ٹاؤن کے عقبی راستوں پر دو ہزار آٹھ سو میٹر طویل خندق کھود دی گئی ہے۔ چھ فٹ گہری اور تقریباً آٹھ فٹ چوڑی خندق سے کرانی، عیسٰی نگری اور زنگی نالے سے ہزارہ ٹاؤن میں داخلے کے ممنوعہ راستے بند کر دیئے گئے۔ خندق کے علاوہ تقریباً چھ سو میٹر طویل حفاظتی بند بھی بنایا گیا ہے۔ ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ غیر ضروری راستوں کی بندش سے شیعہ ہزارہ آبادی علاقوں کی سکیورٹی میں بہتری آئے گی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس اور ایف سی نے شیعہ ہزارہ قوم اور مقامی لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ اقدام اٹھایا ہے، چونکہ ہزارہ ٹاؤن جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی دینا مشکل ہے۔ اس لئے غیر ضروری راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ اس طرح پولیس اور ایف سی کو اس حساس علاقے کو سکیورٹی فراہم کرنا، آسان رہے گا۔ یاد رہے کہ ہزارہ ٹاؤن میں ماضی میں بھی دہشتگردی کے کئی بڑے واقعات ہوچکے ہیں، جس کے بعد ہزارہ ٹاؤن کے داخلی راستوں پر ایف سی نے چیک پوسٹیں قائم کر دی تھیں۔


خبر کا کوڈ: 722345

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/722345/کوئٹہ-شیعہ-ہزارہ-قوم-کی-سکیورٹی-کیلئے-ٹاؤن-کے-گرد-خندقیں-کھود-دی-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org