0
Saturday 5 May 2018 18:16

خلائی مخلوق خلا میں رہے، زمین والوں کو زمین پر کام کرنے دے، سراج الحق

خلائی مخلوق خلا میں رہے، زمین والوں کو زمین پر کام کرنے دے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا سمن آباد لاہور تاجر رہنما نعیم میر کے والد کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاسی قائدین گواہیاں دے رہے ہیں کہ 2013ء کے الیکشن میں خفیہ قوتوں نے کام دکھایا تھا، اور اس حوالے سے ملک کی 2 بڑی جماعتوں کا بیان ایک ہو گیا ہے، دونوں جماعتوں نے نادیدہ قوتوں کے کردار کو واضح کیا ہے، دونوں جماعتیں الیکشن کے حوالے سے پیش گوئیاں کر رہی ہیں کہ اس بار بھی خفیہ ہاتھ سرگرم ہو چکا ہے اور اس الیکشن کے نتائج بھی تبدیل ہو سکتے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ "اِن ڈائریکٹ" کا پاکستان سے خاتمہ ہونا چاہیئے، جب تک سیاسی و حکومتی معاملات میں مداخلت ہوتی رہے گی، معاملات خراب ہی رہیں گے۔ موبائل ری چارج پر بے تحاشا ٹیکس کٹوتی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیکسوں کا گھسا پٹا نظام ہے جسے ختم ہونا چاہیئے، یہاں امیر اور غریب برابر ٹیکس دیتا ہے جو ناانصافی ہے، ایک مل مالک جو اربوں روپے کماتا ہے وہ بھی 100 روپے پر 40 روپے ٹیکس دیتا ہے اور 200 روپے کمانے والا غریب بھی سو پر 40 روپے ٹیکس دیتا ہے، یہ ناانصافی اور غریب کا استحصال ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی اور امیر آدمی کے ٹیکس میں فرق ہونا چاہیئے، چیف جسٹس کے ایکشن کی حمایت کرتے ہیں، لوٹ مار کا یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیئے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم کسی سے اتحاد کریں گے تو قوم کے مفاد میں ہوگا، ہم  ملک میں حقیقی تبدیلی اور نظام مصطفٰی (ص) کے نفاذ کیلئے سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بروقت الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتی ہے، 13 مئی کو لاہور میں متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سیاست کو ایک نیا رخ دے گا، ہم مروجہ سیاست کا حصہ نہیں، ہم متبادل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں خلائی مخلوق خلا میں ہی رہے، خلائی مخلوق زمین والوں کو ان کا کام کرنے دے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات نہ ہونے یا ملتوی ہونے کی باتیں افسوسناک ہیں، ہم چاہتے ہیں الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں، الیکشن نہ ہونے اور ایسی باتوں سے پولنگ بوتھ پر ووٹرز کا اعتماد ختم ہو رہا ہے، کامیاب الیکشن کیلئے ووٹر کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 722555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش