0
Monday 7 May 2018 17:10

کراچی، سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ملزمان کا افغانستان سے عسکری تربیت لینے انکشاف

کراچی، سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ملزمان کا افغانستان سے عسکری تربیت لینے انکشاف
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار 3 ملزمان نے دوران تفتیش افغانستان میں عسکری تربیت لینے اور دہشت گرد نیٹ ورک سے جڑے رہنے کا اعتراف کیا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس حکام کے مطابق کالعدم تنظیموں کے تینوں کارکن بظاہر کراچی میں کاروبار کر رہے تھے لیکن در پردہ یہ ملزمان مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ پولیس کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم فتان خان کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے اور وہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں ظفر ٹاؤن کا رہائشی ہے۔  ملزم فتان خان کالعدم تحریک طالبان کے استاد اسلم گروپ سے منسلک رہا۔ ملزم کلاشنکوف اور پستول چلانے کا ماہر ہے، تاہم کراچی میں اپنا ذاتی ڈمپر چلاکر ریتی بجری کی سپلائی کرتا رہا۔ ملزم خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکول میں ملازم بھی ہے اور ڈیوٹی کئے بغیر ہر مہینے باقاعدگی سے تنخواہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے حاصل کرلیتا ہے۔ ملزم کے مطابق اس کی کالعدم تحریک طالبان میں شمولیت کی وجہ ذاتی کاروبار کو تحفظ دینا تھا۔ کالعدم ٹی ٹی پی جوائن کرتے ہی علاقے کے جنگل کا ٹھیکہ لیا اور 32 لاکھ روپے میں فروخت کردیا۔ ملزم کے مطابق اس کے عوض اس نے ٹی ٹی پی کمانڈر اسلم کو 50 ہزار روپیہ کمیشن دیا۔

ملزم کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے گاؤں میں چرس پینے پر طالبان نے پکڑ لیا تھا۔ کالعدم ٹی ٹی پی میں شمولیت کے بعد چرس بھی پیتا رہا۔ ملزم نے ایک اور انکشاف کیا کہ ایک طرف تو وہ کالعدم تحریک طالبان میں سرگرم اور مرکزی سطح کا کام کررہا تھا دوسری طرف سی پیک کی ایک چینی کمپنی کو ڈمپر فراہمی کی ٹھیکیداری بھی کر رہا تھا۔ ملزم کے مطابق اس عرصے میں اس کی جنوبی وزیرستان سے لاہور اور پھر کراچی آزادانہ آمدورفت رہی۔ اس گروپ کا دوسرا ملزم ارشاد عرف زکریا ملیر کے گلشن اکبر کا رہائشی ہے جو اسی علاقے میں ایک دینی مدرسہ میں نظامی کورس کے فائنل ائیر میں ہے۔  ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2008ء میں وہ جہاد کے لئے افغانستان جانے کے لئے نکلا لیکن کم عمری کی وجہ سے واپس کردیا گیا، ملزم کالعدم تحریک طالبان کے استاد اسماعیل گروپ سے منسلک تھا اور کلاشنکوف اور پستول چلانے کا ماہر ہے۔
خبر کا کوڈ : 722873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش