0
Monday 7 May 2018 18:23
علماء نوجوانوں کے جذبات نہیں جذبہ جگائیں، امن، محبت اور رواداری عاشقان رسول کی شناخت ہے

احسن اقبال پر حملہ عدم برداشت کے کلچر کا نتیجہ ہے، حامد رضا

احسن اقبال پر حملہ عدم برداشت کے کلچر کا نتیجہ ہے، حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ شدت پسندانہ رویوں کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے، احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ عدم برداشت کے پھیلتے کلچر کا نتیجہ ہے، گولی اور گالی کو سیاست سے خارج کرنا ہوگا، اہلسنت کی حقیقی پہچان امن پسندی ہے، صوفیاء کے ماننے والوں کو انتہا پسندی کے راستے پر ڈالنے کی سازش ہو رہی ہے، اہل حق بُلٹ نہیں بیلٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء نوجوانوں کے جذبات نہیں جذبہ جگائیں، امن، محبت اور رواداری عاشقان رسول کی شناخت ہے، شدت پسندی اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے، ہم بارود نہیں درود والے ہیں، اہلسنت کی روشن تاریخ تباہ نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امن کا راستہ نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ الیکشن میں شکست کے خوف سے خلائی مخلوق کا شور مچایا جا رہا ہے۔ کمائی مخلوق خلائی مخلوق پر حملہ آور ہے۔ قوم ثاقب نثار پر نثار ہو چکی ہے۔ نگران حکومت بنتے ہی ن لیگ تتر بتر ہو جائے گی۔ چند خاندانوں کی مسلسل حکمرانی نے سیاست کو موروثیت میں بدل دیا ہے۔ موجودہ ناکام اور نااہل حکومت کی بدترین خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں نظریات کا مقابلہ طاقت نہیں نظریات سے کرنے کی روش اپنائیں۔ علماء مذہب کا غلط استعمال روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ طالبانی رویہ پاکستان کے لئے زہر قاتل ہے۔ سنی اتحاد کونسل وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اہل سنت کو بدنام کرنے کے لئے سازشیں بند کی جائیں۔ ہم ہر طرح کی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے سخت مخالف ہیں۔ اہل سنت نے دہشت گردی کی مزاحمت کرنے کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ یارسول اللہ کہنے والوں کا شدت پسندی اور دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 722887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش