0
Tuesday 8 May 2018 11:40

کان کنوں کو انکے حقوق دو، پشاور میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا مظاہرہ

کان کنوں کو انکے حقوق دو، پشاور میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے گذشتہ دنوں کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف اور کان کنوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں شعبہ قانون کے طالبعلم کا کہنا تھا کہ شانگلہ کے مزدور آئے روز کانوں میں دھماکے یا کان بیٹھنے کی وجہ سے جاں بحق ہوتے ہیں، تاہم حکومت ان کے تحفظ کیلئے کسی طرح کے اقدامات نہیں کرتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے علاوہ کان مالکان بھی کان کنوں کو توجہ دیتے ہیں نہ ہی انہیں وہ سہولیات مہیا کرتے ہیں جو درکار ہوتی ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گذشتہ دنوں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مالی امداد اور ان مجبور لوگوں کیلئے روزگار کے متبادل مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے حکومت پر زوردیا کہ شانگلہ کے قدرتی حسن کا فائدہ اُٹھایا جائے اور وہاں سیاحت کو فروغ دیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو روزگار مل سکے۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے کوئٹہ کے علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 23 مزدور جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے سارے کان کنوں کا تعلق شانگلہ سے جبکہ اکثریت کا ایک ہی گاؤں سے تھا جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل تھے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سالانہ سینکڑوں مزدور کوئلے کی کانوں میں احتیاطی تدابیر و سہولیات کے فقدان کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 723044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش