0
Tuesday 8 May 2018 23:59

کراچی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا ملاپ ہے، پیپلز پارٹی

کراچی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا ملاپ ہے، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ و کراچی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ
تحریک انصاف 2007ء میں ٹانگہ پارٹی تھی، پی ٹی آئی کے جتنے جلسے کراچی میں ہوئے، وہ بری طرح سے فلاپ ہوئے ہیں، کراچی شہر میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا ملاپ ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے سازش کے تحت ہمارے جلسہ کو خراب کرنا چاہا، باغ جناح مزار قائد پر پیپلز پارٹی عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن ایم پی اے جاوید ناگوری نے پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ 12 مئی کا دن منانے میں سب سے زیادہ تکلیف ایم کیو ایم کو ہے، کیونکہ ایم کیو ایم کے اس وقت کے صوبائی وزیر داخلہ وسیم اختر نے کراچی میں خونی کی ہولی کھیلی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا ملاپ ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو خراب نہیں کیا گیا، تو ان کے جلسوں کی طرح ان کے بیلٹ باکس بھی خالی نظر آئیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ پورے پاکستان نے پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی، دہشتگردی دیکھی کہ کس طرح اس نے پیپلز پارٹی کے کارکنان کو مارا پیٹا، ان پر فائرنگ کی، گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت میں بھی کراچی کا امن تباہ و برباد کرنے نہیں دیگی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہم نے جگہ تبدیل کی اور ہم بھی دیکھنا چاہتے ہیں کہ جس گراؤنڈ کیلئے پی ٹی آئی نے اتنا شور مچا رکھا تھا، وہ اس گراؤنڈ میں کامیاب جلسہ کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس گراؤنڈ میں جلسہ کرکے پاکستان کو بتائے کہ کراچی کی عوام کتنا پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عمران خان کے سارے جلسے بری طرح فلاپ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 12 مئی کو باغ جناح گراؤنڈ مزار قائد پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی اور 12 مئی کے شہداؤں سے بھرپور اظہار یکجہتی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ 12 مئی 2007ء کو سرکاری اسلحہ استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان مشرف کے ساتھ اور ان کی گود میں بیٹھے تھے اور ان کو 12مئی کے دن اور واقعہ سے کوئی سروکار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 723230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش