0
Wednesday 9 May 2018 19:22

پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں دوسری مرتبہ شدید زلزلہ

پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں دوسری مرتبہ شدید زلزلہ
اسلام ٹائمز۔ پشاور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں دوسری مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان، مہمند ایجنسی، مردان، ٹانک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر ایجنسی، ہنگو، کوہاٹ اور کرک سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلے کیوجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور استغفار کا ورد شروع کر دیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دوسری مرتبہ آنے والے زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 97 کلو میٹر تھی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے تقریبا 7 سے 8 سیکنڈ تک محسوس کئے گئے۔ اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث سینیٹ کی کارروائی روک دی گئی اور اراکین ایوان سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یاد رہے کہ صبح بھی خیبر پختونخوا اور ملک کے بیشتر علاقوں میں 5.5 ریکٹر اسکیل کا زلزلہ آیا تھا اور اس کا مرکز بنوں سے شمال کی جانب 12 کلو میٹر تھا۔ صبح کے زلزلے سے بنوں اور شمالی وزیرستان کے سکولوں میں بھگدڑ کے واقعات میں 11 طلبہ زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 723449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش