0
Thursday 10 May 2018 09:25
ایم ایم اے 13 مئی کے جلسے میں اپنی سیاسی منشور کا اعلان کرے گی

متحدہ مجلس عمل واحد پلیٹ فارم ہے جو قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو سکتا ہے، لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل واحد پلیٹ فارم ہے جو قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو سکتا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے  مینار پاکستان پر 13 مئی کے جلسہ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک مسائل اور مشکلات میں گھرا ہوا ہے جبکہ ملکی سیاست تصادم کا شکار ہے، ایک طرف بیرونی دشمن ہم پر حملہ آور اور دوسری طرف ہم اندرونی طور پر باہم دست و گریبان ہیں جس کی وجہ سے پوری قوم پریشان ہے، موجودہ گھمبیر صورتحال سے عوام کو نکالنے اور 2018ء کے انتخابات کیلئے ایم ایم اے کی طرف سے ایک واضح قومی ایجنڈا دینے کیلئے ہم مینار پاکستان، جو ہماری آزادی اور عظمت و وقار کا نشان ہے، سے اپنی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، 13 مئی کو مینار پاکستان پر ہونیوالا متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سیاسی گیم چینجر ثابت ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو جاگیرداروں، سرمایہ داروں نے بدنام کیا ہے ہم اس جلسہ عام کے ذریعے اسٹیٹس کو کو توڑ دینے کا عزم کریں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات آئینی مدت کے اندر کرائے جائیں،عدالت کے پاس اس کا اختیار نہیں کہ انتخابات ملتوی کرے، 60 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں اور آئین کے مطابق بروقت نگران حکومت مقرر کی جائے، ہم 13 مئی کو قومی منشور کا اعلان کریں گے، جلسہ عام میں مرکزی رہنما انتخابی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، یہ جلسہ دین سے محبت کرنیوالوں کو حوصلہ اور پیغام دے گا، ہم دولت کی سیاست کو دیوار سے لگائیں گے اور پاکستانی عوام کو آزاد کرائیں گے، میڈیا بھی ہمیں ہمارا حق دے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتیں پاکستان میں آئین کی بالادستی، سیاسی جمہوری اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں، میڈیا کے ذریعے یہ باتیں سامنے آ رہی ہیں کہ متحدہ مجلس عمل کے مقابلے میں کچھ اور دینی جماعتوں کو بھی جمع کیا جا رہا ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ متحدہ مجلس عمل ایک پلیٹ فارم ہے جو قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو سکتا ہے اور پاکستان میں سیکولر ازم، لادینیت اور ظلم و جبر کے نظام کے خاتمہ کے لیے محبان دین و وطن قوتوں کو متحد کر سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل تمام دینی قیادت ، ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے کوشش کرنے والی جماعتوں کو اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کرنیوالوں کو اپنے ساتھ ملائے گی، متحدہ مجلس عمل پاکستان کی دینی قوتوں، اقلیتی برادری، نوجوانوں، طلبہ اور خواتین سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو ساتھ لے کر چلے گی، 13 مئی کا جلسہ ملک کودوبارہ نظریاتی شناخت دے گا اور پاکستان کے نظریے کیخلاف بر سرپیکار قوتوں کیلئے شکست کا پیغام ہوگا، متحدہ مجلس عمل پاکستان کی اسلامی شناخت اور عالمی برادری میں ملک کے وقار کیخلاف ہونیوالی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

اسلامی تحریک کے رہنما علامہ عارف واحدی نے کہا کہ تیرہ مئی کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں متحدہ مجلس عمل کا عظیم الشان اجتماع ہوگا استحکام پاکستان اور نفاذ اسلام کی جدوجہد کرنیوالے لاکھوں کی تعداد میں اس تاریخی میدان میں جمع ہوں گے ۔ دینی قوتیں متحد ہوگئی ہیں اور اخوت و بھارئی چارے کا مظاہرہ کریں گی۔ جے یو آئی (ف) کے مولانا امجد خان نے کہاکہ مینار پاکستان ایک تاریخ رکھتا ہے اس تاریخ کو سامنے لانے کیلئے 13مئی کو ہونیوالا تاریخی جلسہ ایک ریفرنڈم ہوگا، تیرہ مئی کا جلسہ ملک میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ اور پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کاعزم رکھنے والوں کا جلسہ ہے جو ثابت کرے گا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بناتھا اور اسلام کے نام پر ہی قیامت تک قائم رہے گا۔ سیکولر اور لبرل ازم کا پرچار کرنیوالوں کے ہاتھ ہزیمت کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں لاہور اور قریبی اضلاع سے عوام لاکھوں کی تعداد میں جوق در جوق شرکت کریں گے۔

جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ تیرہ مئی کے قومی جلسہ کے تمام انتظامات مکمل ہیں دن رات سینکڑوں تربیت یافتہ کارکنان کئی روز سے انتظامات میں مصروف ہیں اور ان شاءاللہ بارہ مئی کی شام تک ہم ایم ایم اے کی مرکزی قیادت کو اجتماع گاہ کے دورے کی دعوت دیں گے ہم ایک ہزار مہمانوں کو اسٹیج پر بٹھانے کا انتظام کر رہے ہیں چاروں صوبوں سے اجتماع میں نمائندہ وفود شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 723544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش