QR CodeQR Code

ٹرمپ کا ایران کیساتھ ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ گمراہ کن اور سنگین غلطی ثابت ہو گی

انتہا پسند ڈونلڈ ٹرمپ عالمی تنہائی کا شکار ہو جائیں گے، نیاز نقوی

10 May 2018 18:15

ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ اب تک عالمی برادری کی طرف سے امریکی اعلان پر تشویش کا اظہار خو ش آئند ہے کہ اس کے بغیر بھی معاہدہ برقرار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معاہدوں میں شامل دیگر ممالک کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ معاہدہ توڑنے والے امریکی صدر کا بھی احتساب کریں اور ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی دباو ڈالنے کیلئے جو نفسیاتی جنگ شروع کی ہے اس کا حصہ نہ بنیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایران کیساتھ نیوکلیر معاہدہ ختم کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے انتہا پسند ڈونلڈ ٹرمپ عالمی تنہائی کا شکار ہو جائیں گے، مگر اپنی ہٹ دھرمی پر برقرار ہیں۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی عالمی معاہدوں سے علیحدگی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور امریکی صدر کا یہ عمل آزاد ملک اور قوموں کے حقوق کو طاقت کے بل پوتے پر پامال کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا جوہری معاہدے سے نکلنے کا فیصلہ افسوسناک ہے، کسی بھی طاقتور ملک کو کسی دوسرے آزاد ملک و قوم کی معیشت پر دبا ڈالنے اور اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، ایسا رویہ ملکی امن کیلئے تباہ کن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کیساتھ ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ گمراہ کن اور سنگین غلطی ثابت ہو گی، یہ واضح ہے کہ یورپی اتحادیوں کے علاوہ آزاد ماہرین اور موجودہ امریکی وزیر خارجہ خود اس معاہدے کے حامی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سابق امریکی صدر اور سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کی مخالفت کی ہے اور امریکا کی جانب سے جان کیری کی ہی قیادت میں ایران سے جوہری معاہدہ طے پایا تھا۔ جان کیری کا بھی کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے امریکا کی اخلاقی اور سفارتی پوزیشن خراب ہوئی ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ اب تک عالمی برادری کی طرف سے امریکی اعلان پر تشویش کا اظہار خو ش آئند ہے کہ اس کے بغیر بھی معاہدہ برقرار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معاہدوں میں شامل دیگر ممالک کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ معاہدہ توڑنے والے امریکی صدر کا بھی احتساب کریں اور ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی دباو ڈالنے کیلئے جو نفسیاتی جنگ شروع کی ہے اس کا حصہ نہ بنیں۔


خبر کا کوڈ: 723710

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/723710/انتہا-پسند-ڈونلڈ-ٹرمپ-عالمی-تنہائی-کا-شکار-ہو-جائیں-گے-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org