QR CodeQR Code

پشاور کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکہ، 5 افراد جاں بحق

11 May 2018 10:00

دھماکہ ہوٹل کی چوتھی منزل کے کمرہ نمبر 408 میں گیس لیکج کے باعث ہوا جس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کمرے کے دروازے کھڑکیاں دور جا کر گریں اور آگ بھڑک اٹھی۔ نیچے موجود ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی 6 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقے بلال ٹاؤن میں واقع ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل میں زوردار دھماکے سے 7 افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے، جن میں سے پانچ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے، جبکہ دیگر دو کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ہنگو سے بتایا گیا ہے جن میں فیملی کے سربراہ کامران کی والدہ، بیوی، کمسن بیٹا، بھتیجا اور بھائی مہران جاں بحق ہوگئے، جبکہ کامران اور بھائی بلال زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ ہوٹل کی چوتھی منزل کے کمرہ نمبر 408 میں گیس لیکج کے باعث ہوا جس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کمرے کے دروازے کھڑکیاں دور جا کر گریں اور آگ بھڑک اٹھی۔ نیچے موجود ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی 6 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو، فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ہوٹل میں مقیم ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ وہ حواس باختہ ہوگیا۔ اے آئی جی شفقت ملک نے مزید کہا کہ متاثرہ فیملی کی جانب سے کچھ پکانے کیلئے سلنڈر جلایا گیا تو دھماکا ہوا اور آگ لگنے کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔


خبر کا کوڈ: 723845

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/723845/پشاور-کے-ہوٹل-میں-سلنڈر-دھماکہ-5-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org