QR CodeQR Code

خطبہ نماز جمعہ تہران

یورپی یونین بھی عہد و پیمان کی خلاف ورزی میں امریکہ سے کم نہیں ہے، آیت اللہ احمد خاتمی

پورے ایران میں عوام پر زور انداز میں مردہ باد امریکہ کے نعرے لگا رہے ہیں

11 May 2018 21:46

امریکہ کے جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران اور بعض دوسرے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد عظیم الشان امریکہ مخالف عوامی مظاہرے کئے گئے۔ ان مظاہروں میں عوام نے امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے۔ لوگوں کا مختلف اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ مسلم دشمن ممالک خصوصا امریکہ عہد شکن اور غیرقابل اعتماد ہیں۔ یہ ملک اپنے وعدے پر قائم نہیں رہتے۔


اسلام ٹائمز۔ تہران کے امام جمعہ نے امریکہ کے ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دین کے دشمن کسی طور بھی قابل اعتماد نہیں ہیں اور ان پر اعتماد نہیں کرنا چاہیئے۔ جس کا کوئی دین اور اساس نہیں ہوتا اس کی اقدار بھی نہیں ہوتیں۔ قرآن فرماتا ہے کہ دشمن اخلاق اور عہد و پیمان کا خیال نہیں رکھتا۔ یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اجنبی غیر قابل اعتماد ہیں اور ہمیں آئندہ اس بات کا خیال رکھنا چاہیئے۔ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ ہمیں اس بات کی طرف متوجہ رہنا چاہیئے کہ دین کے دشمن سب ایک جیسے ہیں (الکفر ملت واحدۃ)۔ اگر ہم کہیں کہ امریکہ نہیں تو یورپ، یہ بات بصیرت سے دور ہے۔ ہمیں دشمن کے رویہ سے عبرت حاصل کرنی چاہیئے۔ یورپی یونین بھی عہد و پیمان کی خلاف ورزی میں امریکہ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ ایران میں انویسٹمنٹ کریں گے۔ تہران کے امام جمعہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ایٹمی معاہدے میں میزائل ٹیکنالوجی کے بارے میں ذرہ برابر بھی بات نہیں کی اگر یورپ میزائل ٹیکنالوجی کے بارے میں بات کرے گا یہ تو فضول بات ہو گی۔
 
آیت اللہ سید محمد خاتمی نے جمعہ کے سیاسی خطبہ میں مزید کہا کہ یورپی یونین نے ہوائی جہاز کی فروخت کے معاہدے کو ختم کیا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے چند ہفتوں کی مہلت دی ہے، اگر وہ اس عرصے میں نقصان کو پورا کرتے ہیں تو الگ بات ہے ورنہ ایرانی قوم جوہری معاہدے کو ختم کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو سالہ مذاکرات سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے اجنبی نہ صرف مشکلات کو حل نہیں کرسکتے بلکہ رکاوٹیں ڈالنے کا باعث ہیں۔ قرآن مجید میں سورہ انفال میں حکم ہوتا ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ آپ ہمیشہ مشکلات میں رہیں۔ آیت اللہ خاتمی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بعض لوگ کہتے تھے کہ اغیار کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے ملک کی مشکلات ختم ہو جائیں گی مزید کہا کہ جوہری معاہدے پر دستخط ہونے کے فوری بعد بعض اخبار بلبل کی طرح چہچہا رہے تھے اور امریکہ کو ہیرو کی طرح پیش کر رہے تھے، گویا ملک کے تمام مسائل حل ہو گئے ہوں۔ امام جمعہ کا کہنا تھا کہ مشکلات کا حل اس میں نہیں ہے کہ امریکہ کے ساتھ رابطہ استوار کیا جائے۔ مشکلات کا حل خدا کے ساتھ رابطہ اور خدا کے بندوں کے ساتھ رابطہ استوار کرنے میں ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 723910

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/723910/یورپی-یونین-بھی-عہد-پیمان-کی-خلاف-ورزی-میں-امریکہ-سے-کم-نہیں-ہے-آیت-اللہ-احمد-خاتمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org