0
Saturday 12 May 2018 12:24

مالم جبہ اراضی و ہیلی کاپٹر کیس، پرویز خٹک نے نیب میں تفصیلی جواب جمع کرا دیا

مالم جبہ اراضی و ہیلی کاپٹر کیس، پرویز خٹک نے نیب میں تفصیلی جواب جمع کرا دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دیئے گئے سوالنامے پر تفصیلی جواب جمع کرا دیا۔ نیب ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں نیب ہیڈ کوارٹر میں تقریباً 30 سوالات کے جوابات جمع کرائے ہیں۔ نیب کی جانب سے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کو 2 سوالنامے دیئے گئے تھے، ہر سوالنامہ 15 سوالات پر مشتمل تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوالناموں میں مالم جبہ میں سرکاری اراضی کی لیز اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوالات بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پرویز خٹک کی جانب سے جمع کرائے گئے تفصیلی جوابات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور اگر جوابات تسلی بخش نہ ہوئے تو وزیراعلٰی کے خلاف ریفرنس قائم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 25 اپریل کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک مالم جبہ اراضی اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں طلب کئے جانے پر نیب کے دفتر میں پیش ہوئے تھے۔ نیب کی جانب سے وزیراعلٰی پرویز خٹک کو دونوں الزامات کا جواب دینے کیلئے سوال نامہ دیا گیا تھا۔ نیب کے مطابق خیبر پخونخوا حکومت نے مالم جبہ میں 275 ایکٹر زمین 33 سال کی لیز پر دی تھی جو قواعد کے برعکس کمپنی کو دی گئی۔ دوسری جانب نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا تھا کہ یہ خوش آئند ہے کہ صوبے کے چیف ایگزیکیٹو سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ پرویز خٹک نے بتایا تھا کہ انہیں نیب نے ہیلی کاپٹر اور مالم جبہ اراضی کیس میں طلب کیا تھا، ہیلی کاپٹر کے استعمال کی کوئی ایس او پی نہیں تھی، وزیر اور آفیسرز ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے ہیں جبکہ مالم جبہ اراضی سوات کے والی نے گفٹ کی تھی جو محکمہ سیاحت کو وفاق سے ملی۔
خبر کا کوڈ : 724012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش