QR CodeQR Code

مسلم لیگ نون نے چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

12 May 2018 19:19

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 8 مئی کو نیب نے اعلامیہ جاری کیا کہ نواز شریف نے 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کیے جس کی تحقیقات کی جائیں گی، نیب کو کسی کےخلاف زیر التواء معاملے کا اعلامیہ جاری نہیں کرنا چاہئے تھا، جبکہ 21 ستمبر 2016ء کو اسٹیٹ بینک بھی اس خبر کی تردید کر چکا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق (ن) لیگ کے رہنما نواز اعوان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کے ہوتے ہوئے نیب شفاف کام نہیں کرسکتا، نواز شریف کے خلاف جھوٹے الزام میں پریس ریلیز جاری کرنے پر چیئرمین نیب معافی مانگیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاستدانوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے کی جاتی ہے اس لیے ایسے معاملات میں نیب کو آلہ کار نہیں بننا چاہئے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 8 مئی کو نیب نے اعلامیہ جاری کیا کہ نواز شریف نے 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کیے جس کی تحقیقات کی جائیں گی، نیب کو کسی کےخلاف زیر التواء معاملے کا اعلامیہ جاری نہیں کرنا چاہئے تھا، جبکہ 21 ستمبر 2016ء کو اسٹیٹ بینک بھی اس خبر کی تردید کر چکا تھا، اس خبر سے نیب کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، نیب اعلامیہ اور بعد ازاں پیش آنے والے واقعات نواز شریف سے متعلق چیئرمین نیب کی منفی سوچ کی عکاس ہیں لہذا عدالت چیئرمین نیب کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کرے۔


خبر کا کوڈ: 724127

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/724127/مسلم-لیگ-نون-نے-چیئرمین-نیب-کو-عہدے-سے-ہٹانے-کے-لیے-سپریم-کورٹ-میں-درخواست-دائر-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org