0
Sunday 13 May 2018 11:51

کابینہ سے منظوری نہ ملنے پر صوبہ بلوچستان کا بجٹ پیش نہیں ہو سکا

کابینہ سے منظوری نہ ملنے پر صوبہ بلوچستان کا بجٹ پیش نہیں ہو سکا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کابینہ سے منظوری نہ ملنے کے باعث بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہ کیا جا سکا۔ صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آخری لمحوں میں 14 مئی شام چار بجے تک کیلئے مؤخر کر دیا گیا۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ صوبائی قیادت حکومتی امور چلانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ آپس کے اختلافات کے باعث بجٹ پیش نہ کیا جا سکا، تاہم صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ آپس کے اختلافات نہیں، پی اینڈ ڈی کی جانب سے تیاری نہ ہونے اور غلطیوں سے بچنے کیلئے بجٹ پیش نہ کیا جا سکا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کا آئندہ مالی سال کیلئے تقریباً تین کھرب باون ارب روپے کا بجٹ جمعہ کی شام چھ بجے صوبائی اسمبلی میں پیش ہونا تھا، تاہم صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعلٰی عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اختلافات پیدا ہوگئے، کابینہ سے بجٹ منظور نہ ہونے کے باعث صوبائی اسمبلی کا بجٹ اجلاس بھی آخری لمحوں میں چودہ مئی تک مؤخر کر دیا گیا، حالانکہ بجٹ اجلاس کیلئے میڈیا کی ٹیمیں اور اپوزیشن ارکان بھی اسمبلی پہنچ چکے تھے۔ اپوزیشن جماعت پشتونخواملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے ارکان کو بھی اجلاس مؤخر ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش نہیں کیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال، سابق وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجٹ اجلاس مؤخر کرنے سے متعلق اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔
صحافی : اعجاز علی اعجاز
خبر کا کوڈ : 724285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش