0
Sunday 13 May 2018 23:52

کراچی، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مرکزی مردہ باد امریکہ ریلی و جلسہ عام

کراچی، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مرکزی مردہ باد امریکہ ریلی و جلسہ عام
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں 13 مئی بروز اتوار یوم مردہ باد امریکہ کے سلسلے کی مرکزی ریلی کراچی میں مزار قائد کے سامنے نمائش چورنگی سے نکالی گئی، جس کے شرکاء ایم اے جناح روڈ پر مارچ کرتے ہوئے سی بریز پہنچے، جہاں ریلی جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں دیگر جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان عوامی تحریک، آل پاکستان سنی تحریک، سنی اتحاد کونسل، اصغریہ آرگنائزیشن، ہیت آئمہ مساجد، ذاکرین امامیہ، مجلس علماء شیعہ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے بینرز، پلے کارڈز اور پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلسل امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ سی بریز چورنگی کے قریب شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے بتایا کہ یونائٹڈ اسٹیٹس آف امریکہ عالمی سامراج ہے، جو دیگر ممالک اور خاص طور پر مسلمان و عرب ممالک اور تیسری دنیا کے ممالک میں مداخلت کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے، پوری دنیا میں جنگوں کی آگ بھڑکانے میں، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحے کی تیاری اور فروخت میں، دہشتگردوں کے ذریعے عدم استحکام اور قتل عام میں امریکی حکومتیں اور اس کے ادارے ہی ملوث ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پوری دنیا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فیصلہ سنا دیا کہ مقبوضہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت مان لینے اور وہاں اپنا سفارتخانہ منتقل کرنے کا امریکی حکومتی فیصلہ ناجائز و غیر قانونی ہے، لیکن اس کے باوجود پوری دنیا کی رائے کو پاؤں تلے روندتے ہوئے ٹرمپ حکومت اپنے اس انسانیت دشمن، اسلام دشمن، عرب دشمن فیصلے پر ڈھٹائی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی امریکی حکومتوں نے پاکستانی قوم کی تذلیل و توہین کی ہے اور صدر ٹرمپ اور انکے دیگر حکومتی اہلکاروں نے پاکستان کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں قائم بھارتی سفارتخانہ امریکی سرپرستی میں بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کو پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے قابل مذمت ایجنڈا پر عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کو اپنے پڑوسی ملک پاکستان سے تعلقات اچھے کرنے چاہئیں، نہ کہ امریکی سامراج کا پٹھو بن کر اس خطے میں کشیدگی پھیلانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے بڑے منظم طریقے سے فلسطین کی دوست حکومتوں اور تنظیموں کو نشانہ بنایا ہے اور ان ملکوں پر جنگیں مسلط کی اور کروائی ہیں، تاکہ فلسطین پر ناجائز قبضہ کرنے والے اسرائیل کو بچا سکے۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیل نے نہ صرف فلسطین، بلکہ لبنان اور شام کے علاقوں پر بھی ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، لیکن امریکہ اور اس کے اتحادی انٹرنیشنل لاء کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر ممالک میں جارحیت کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم میں امریکہ اور اس کے اتحادی شریک ہیں، امریکہ نے عراق و افغانستان میں بھی یلغار کی اور وہاں اس نے دہشتگردوں کی آبیاری کی، تاکہ اس بہانے سے ان دونوں ملکوں میں اپنے فوجی اڈوں کو قائم رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام تر مشکلات کا ذمہ دار بھی امریکہ اور اس کے بعض اتحادی ہیں، کیونکہ وہ پاکستان کو دھمکیاں دیتے ہیں کہ ایران سے گیس نہ خریدیں، تجارت نہ کریں اور اس کی وجہ سے آج پاکستان میں انرجی کا بحران ہے، ملک میں بجلی مہنگی ہے اور لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں یا پیداوار بالکل کم ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے برآمدات میں بھی بے حد کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان اپنی آمدنی کا ایک بڑا حصہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اس ایران دشمن پالیسی کی وجہ سے کھو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی سے براستہ ایران تجارت کرکے جو زرمبادلہ کما سکتا تھا، وہ بھی امریکہ اور اس کے بعض اتحادی ممالک کی بلیک میلنگ کی وجہ سے نہیں کما سکا، اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان سمیت عالم اسلام و عرب اور تیسری دنیا کے ممالک امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی دھمکیوں اور بلیک میلنگ کو جوتے کی نوک پر رکھ کر آزاد ہوکر اپنی پالیسیاں بنائیں اور حقیقی معنوں میں خودمختاری حاصل کریں۔ یوم مردہ باد امریکہ ریلی سے علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ نثار قلندری، مطلوب اعوان، قیصر عباس قادری، ایم پی اے قمر عباس، علامہ باقر عباس زیدی نے بھی خطاب کیا۔ جلسے کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 724476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش