QR CodeQR Code

امریکی ہٹ دھرمی برقرار، صہیونی ریاست کیخلاف قرارداد کو ویٹو کر دیا

16 May 2018 18:22

فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر کویت کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جہاں معصوم شہریوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لئے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا نے اپنی ویٹو پاور استعمال کرتے ہوئے بلاک کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لئے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا نے ویٹو کر دیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر کویت کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جہاں معصوم شہریوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لئے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا نے اپنی ویٹو پاور استعمال کرتے ہوئے بلاک کر دیا۔ امریکا نے فلسطین میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار حماس کو ٹھہرانے کا مضحکہ خیز موقف اختیار کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے فلسطینیوں کی شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جارحیت اور خون خرابے کو اب ختم ہو جانا چاہیئے۔ فلسطین میں بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے اور ہر قسم کے مسئلے کوا حل مذاکرات کے ذریعے ڈھونڈ لینا چاہیئے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی اسرائیلی مظالم کو بین الاقوامی امن کے خلاف خطرناک سازش قرار دیا ہے۔ ترکی نے اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دیتے ہوئے امریکا اور اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔ اسی طرح جنوبی افریقہ نے بھی اپنا سفیر اسرائیل سے فوری طور پر واپس بلالیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی امریکی فیصلوں کو مشرق وسطٰی میں قیام امن کے راستے میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی نگران فیدیریکا موگیرینی نے بھی تنازعے کے پُر امن حل پر زور دیا ہے۔ واضح رہے گذشتہ روز امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے عمل کو یوم سقوط فلسطین قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں نے غزہ کی سرحد پر مظاہرے کئے۔ احتجاج کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم 58 فلسطینی شہید اور تین ہزار کے قریب زخمی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 724916

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/724916/امریکی-ہٹ-دھرمی-برقرار-صہیونی-ریاست-کیخلاف-قرارداد-کو-ویٹو-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org