0
Tuesday 15 May 2018 19:37

سانحہ 12 مئی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر پر فردِ جرم عائد، ملزمان کا صحتِ جرم سے انکار

سانحہ 12 مئی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر پر فردِ جرم عائد، ملزمان کا صحتِ جرم سے انکار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 12 مئی کیس میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی، ملزمان کی جانب سے صحتِ جرم سے انکار کیا گیا، جس پر عدالت نے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 23 جون تک ملتوی کر دی۔ سانحہ 12 مئی کیس میں میئر کراچی سمیت 19 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں، جبکہ ملزم عمیر صدیقی گرفتار ہے، عدالت مقدمے میں 16 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات ہونی چاہیے، لوگوں کے سامنے اصل حقائق اور چہرے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقدمات سے بھاگنے والے نہیں، انکا سامنا کریں گے، میئر نامزد ہونے کے بعد مجھ پر 40 مقدمات ڈالے گئے، جعلی مقدمات کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ 12 مئی 2007ء کو سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور آمریت میں وکلا تحریک کے دوران غیر فعال چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد پر سیاسی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے وکلا سمیت کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 724969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش