QR CodeQR Code

پشاور میں مسلسل بارش، گیس و پٹرول کی قلت سے نظام زندگی مفلوج

15 May 2018 21:13

مسلسل بارش کے باعث سڑکیں اور بی آر ٹی کی گزر گاہیں پانی سے بھر گئی ہیں اور شہر کا نکاسی آب کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث شہر میں پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے۔ بی آر ٹی کیلئے زیرِ زمین گزر گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں، جسکے باعث ٹیلیفون لائنز سمیت گیس کی سپلائی لائنز بھی متاثر ہوئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں تیسرے روز مسلسل بارش اور بس ریپڈ منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب شہر میں کل شام سے پیٹرول اور گیس کی قلت کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ بھی رک گیا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات دو چند ہوئی ہیں۔ بی آر ٹی کا تعمیراتی کام بعض جہگوں پر زیر زمین کیا جا رہا ہے اور بس ٹریک کیلئے زیر زمین گزر گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ٹیلیفون لائنز سمیت گیس کی سپلائی لائنز بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ٹیلیفون اور ڈی ایس ایل لائنز میں خرابی کے باعث سرکاری امور اور میڈیا اداروں کے ترسیلاتی کام میں رخنہ پیش آ رہا ہے۔ دوسری جانب پشاور کے جی ٹی روڈ حاجی کیمپ اڈا، صدر بازار اور بورڈ بازار سٹاپ پر درجنوں لوگ گھنٹوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظار میں کھڑے رہے، جبکہ کئی افرد نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے کئی کلومیٹر تک پیدل سفر کیا۔

مسلسل بارش کے باعث سڑکیں اور بی آر ٹی کی گزر گاہیں پانی سے بھر گئی ہیں اور شہر کا نکاسی آب کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث شہر میں پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ لوگ رمضان کی تیاری کے سلسلے میں سودا سلف لینے کی غرض سے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں لیکن پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ گیس کی قلت کی وجہ سے ٹیکسی کے ڈرایئور منہ مانگا کرایہ بتاتے ہیں اور اکثر  اوقات بعض جہگوں پر جانے کیلئے تیار بھی نہیں ہوتے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں مزید وقفے وقفے سے بارش برسنے کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 724990

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/724990/پشاور-میں-مسلسل-بارش-گیس-پٹرول-کی-قلت-سے-نظام-زندگی-مفلوج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org