0
Wednesday 16 May 2018 10:34

بھارت رقم منتقلی کا الزام، چیئرمین نیب آج قائمہ کمیٹی میں پیش ہونگے

بھارت رقم منتقلی کا الزام، چیئرمین نیب آج قائمہ کمیٹی میں پیش ہونگے
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف پر 4.9 ارب روپے کی بھارت منی لانڈرنگ کے الزام پر چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال آج قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی رانا حیات کی جانب سے اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب کو آج کے لیے طلب کیا تھا۔ قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر معاملے پر بریف کرنے اور اپنے ساتھ متعلقہ افسران کو لے کر آنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین نیب کو  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں طلب کیے جانے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے قانون و انصاف کی کمیٹی کے ارکان نے استعفی دے دیا۔ کمیٹی اراکین نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے استعفے چئیرمین کمیٹی کو بھجوا دیے۔ استعفے میں نوید قمر نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب کو اس طرح طلب کرنا نیب کے کام میں مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرتی ہے، اس اقدام سے نیب کمزور ہوگی۔ خیال رہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجنے کی میڈیا رپورٹ پر نوٹس لے کر جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔ نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ رقم مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوائی گئی تھی۔ اعلامیے کے مطابق بھارتی حکومت کے سرکاری خزانے میں 4.9 ارب ڈالر کی خطیر رقم بھجوائی گئی، جس سے بھارتی حکومت کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے اور اس اقدام سے پاکستان کو نقصان ہوا۔ مزید کہا گیا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ ریمیٹنس بک 2016 میں موجود ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 725078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش