0
Wednesday 16 May 2018 22:07

پشاور میں پیشہ ور بھکاریوں پر پابندی عائد کر دی گئی

پشاور میں پیشہ ور بھکاریوں پر پابندی عائد کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں پیشہ ور گداگروں پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن منتقل کرنیکا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے گذشتہ روز چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن میں تقریب ہوئی جس میں کمشنر پشاور شہاب علی شاہ نے سپیشل سکواڈ برائے خاتمہ گداگری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ و دیگر افسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ پشاور میں گداگروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر پیشہ ور گداگروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک سپیشل سکواڈ تشکیل دیا ہے جس میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو پشاور کے مختلف مقامات پر گداگروں کو پکڑ کر بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن سنٹر منتقل کرے گا جبکہ خواتین گداگروں کو وومن پرٹیکشن سنٹر منتقل کیا جا ئے گا۔ ان انسٹی ٹیوٹس میں ویلفیئر ہوم پشاور اور زمونگ کور بھی شامل ہیں، جہاں پر ان گداگروں کی اصلاحی تربیت کی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ یہ اس لعنت سے چھٹکارہ پالیں اور اس کے ساتھ ان کی تعلیم و تربیت کا مکمل انتظام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گداگروں کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 پر اطلاع دیں تاکہ معاشرے کو گداگروں سے پاک کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 725220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش