QR CodeQR Code

فاٹا سیکرٹریٹ کے ہیلتھ ملازمین کا مستقلی کیلئے مظاہرہ

16 May 2018 22:15

مقررین نے کہا کہ تمام پراجیکٹ ملازمین کو اپنا حق دیا جائے۔ محکمہ ہیلتھ کے تمام پراجیکٹ کا وی ای پی آئی اور اے ڈی پیز جو خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے ملازمین کا ڈیٹا جلد از جلد سیفران کو ارسال کیا جائے تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ کیا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے ہیلتھ پراجیکٹ ملازمین نے مستقلی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ملازمین فاٹا سیکرٹریٹ کے سامنے جمع ہوئے جہاں یونین کے صدر ڈاکٹر جمشید، نائب صدر ڈاکٹر آصف اور سیکرٹری انفارمیشن عشرت کی قیادت میں ملازمین نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ 10 نومبر 2017ء کے ایک نوٹیفکیشن کے تحت سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی سیفران نے محکمہ صحت اور تعلیم (لٹریسی فار آل ان فاٹا) سے ریگولرائزیشن کیلئے پراجیکٹ ملازمین کا ڈیٹا مانگا تھا۔ یکم مارچ 2018ء کو وزارت سیفران اسلام آباد نے دوبارہ یاد دہانی خط سیکرٹری فنانس فاٹا سیکرٹریٹ کو بھیجا، جس میں واضح کیا تھا کہ تمام پراجیکٹس ملازمین کا ڈیٹا جلدازجلد بھیج دیں، جس پر محکمہ صحت فاٹا نے 7 پراجیکٹس جن میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، انٹیگریٹڈ ویکٹر مینجمنٹ پروگرام، ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ، ٹی بی کنٹرول پروگرام، آئی کئیر سروسز، موبائل ہسپتال پروگرام اور ایڈز کنٹرول پروگرام شامل ہیں، کےایس این ایز سیکرٹری فنانس فاٹا کو بھیج دئیے، لیکن 2 ہفتے گزرنے کے باوجود ان 7 پروگرامز کے ایس این ایز اُسی طرح سیکرٹری فنانس کے پاس پڑے ہیں، جس کی وجہ سے ان محکموں کے پراجیکٹ ملازمین کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پراجیکٹ ملازمین کو اپنا حق دیا جائے۔ محکمہ ہیلتھ کے تمام پراجیکٹ کا وی ای پی آئی اور اے ڈی پیز جو خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے ملازمین کا ڈیٹا جلدازجلد سیفران کو ارسال کیا جائے تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ کیا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 725223

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/725223/فاٹا-سیکرٹریٹ-کے-ہیلتھ-ملازمین-کا-مستقلی-کیلئے-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org