0
Wednesday 16 May 2018 23:35

16 مئی یوم مردہ باد امریکا، آئی ایس او کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی جلسے کا انعقاد

16 مئی یوم مردہ باد امریکا، آئی ایس او کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی جلسے کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر 16 مئی یوم مردہ باد امریکا کے موقع پر احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس بڑی تعداد میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین نے شرکت کرکے امریکا و اسرائیل سے اظہار بیزاری کیا۔ احتجاجی جلسے میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، مرکزی رکن نظارت آئی ایس او پاکستان و مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی، ہیت آئمہ مساجد کے جنرل سیکرٹری علامہ باقر زیدی، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ صادق رضا تقوی نے خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر مختلف سیاسی و مذہبی رہنماﺅں نے شرکت کی۔ جلسے کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔ احتجایج جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ 16 مئی وہ دن ہے کہ جب کرہ ارض پر انسانیت کے خلاف ایک بین الاقوامی سازش کو پروان چڑھایا گیا اور استکباری طاقتوں نے اسرئیل کو وجود بخشتے ہوئے انبیاء کی سرزمین مقدس پر فلسطین میں بسنے والے مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں پر عرصئہ حیات تنگ کر دیا تھا، اور آج پھر اسی تاریخ کو ایک بار پھر دُہرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اپنے سفارتخانے کی یروشلم (بیت المقدس) منتقلی قابل مذمت ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام کے تمام حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور شیطان بزرگ و دشمن اسلام امریکا اور اسکے حواریوں سے اظہار برأت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکی ایماء پر اسرائیل فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، لیکن مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر مسلمان ممالک کے حکمران خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی پامالی کو کئی برس بیت گئے ہیں اور عالم اسلام کے حکمران اب تک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ اسرائیل کو وجود میں لانے کا سب سے بڑا سبب امریکا اور برطانیہ ہیں، جو آج بھی اقوام متحدہ میں اس کے حامی اور پشت پناہ ہیں۔ انہوں نے مسلمانان عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان پر لازم ہے کہ وہ ذات واحد کے علاوہ کسی بھی خودساختہ سپر پاور اور فرعون صفت طاقت سے مرعوب نہ ہوں، اور دنیا بھر کے مظلوم عوام کے قاتل امریکا و اسرائیل سے اظہار برأت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں امریکا اور اسرائیل کے مظالم لوگوں پر آشکار ہوگئے ہیں، امریکی مظالم نے مسلمانوں کی حالت تباہ کر دی ہے۔

علامہ باقر عباس زیدی نے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اگر آج بھی اسرئیل کے خلاف متحد نہ ہوئے، تو انہیں مزید ظلم و بربریت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش تمام مشکلات کا واحد حل اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسلمان متحد نہ ہوئے، تو اسرائیل اور استعماری طاقتیں دوسرے اسلامی ممالک کو بھی خانہ جنگی میں ملوث کر دیں گے۔ علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ آئی ایس او نے دنیا کو غاصب صیہونیوں کا اصل چہرہ دیکھانے کیلئے ہر سطح پر احتجاج کیا، اس کا حکم ہمیں شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی نے دیا اور ان کے فرمان پر آئی ایس او نے لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان احتجاجی جلسے پر تمام شرکاء کو مبارک باد اور سلام پیش کرتا ہوں کہ اس شدید گرمی کے عالم میں انہوں نے احتجاجی جلسے میں شرکت کرکے امریکا اور اسرائیل سے اظہار بیزاری کیا۔
خبر کا کوڈ : 725236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش