0
Friday 18 May 2018 19:35

مہمند ایجنسی میں یکم مئی کو یوم بحالی موبائل نیٹ ورک کے طور پر منایا جائے گا

مہمند ایجنسی میں یکم مئی کو یوم بحالی موبائل نیٹ ورک کے طور پر منایا جائے گا
اسلام ٹائمز۔ مہمند ایجنسی میں 14 ماہ کے بعد موبائل نیٹ ورک کی بحالی پر اگر ایک طرف عوام خوش ہیں تو دوسری جانب کاروباری لوگوں کے مطابق اقدام سے ان کی مشکلات میں کمی آئی ہے۔ خیال رہے کہ مہمند ایجنسی میں گذشتہ سال مارچ کو موبائل نیٹ ورکس اچانک معطل کر دیئے گئے تھے، پولیٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے جس کی اصل وجہ سکیورٹی خدشات کو قرار دیا تھا۔ موبائل نیٹ ورک  کی بحالی سے نہ صرف عوام بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد خوش اور مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو میں حلیمزئی تحصیل کے رہائشی نور حیدر کا کہنا تھا کہ ملازمت کے بارے انہیں ایک ٹیلی فون کال اس لئے موصول نہیں ہوئی کہ علاقہ میں سروس ہی معطل تھی اگرچہ اس ملازمت کے ساتھ ان کی زندگی بدل سکتی تھی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں اس اقدام سے عوام کی مشکلات میں مزید کمی آئے گی۔ نیٹ ورک کی بحالی سے کاروباری طبقہ بہت خوش دکھائی دے رہا ہے۔ کریانہ سٹور کے مالک طیب خان کے مطابق سروس کی بندش کے دوران ہفتے میں ایک دن وہ اپنی دوکان مکمل طور پر بند کرنے پر مجبور تھے کیونکہ سودا سلف لینے انہوں نے مرکزی بازار جانا ہوتا تھا۔ بقول ان کے سروس کی بحالی کے بعد اب ایک فون کال پر وہ سودا خرید لیتے ہیں بلکہ اب اکثر ٹیلیفون پر ہی سودا بیچ دیتے ہیں۔

سروس کی بندش کے بعد موبائل اور اس سے متعلق دیگر ساز و سامان کا کاروبار کرنے والے دوکانداروں نے بھی یا تو اپنا کاروبار ہی ختم کروا دیا تھا اور یا پھر کوئی اور کاروبار کرنا شروع ہو گئے تھے۔ میاں منڈی بازار میں صدیق خان مہمند نے بھی اپنی موبائل فونز اور ایکسیسریز کی دوکان بند کر دی تھی جو انہوں نے اب 14 ماہ کے بعد دوبارہ کھول دی ہے۔ صدیق خان کے مطابق موبائل نیٹ ورک کی معطلی سے ان کا ذریعہ آمدن ہی ختم ہو گیا تھا جس کے بعد انہوں نے دوکان میں ہوٹل کھول دیا تھا لیکن اس میں خسارے کے بعد وہ کبھی ایک تو کبھی دوسری جگہ محنت مزدوری پر مجبور ہو گئے تھے۔ حلیمزئی ہی کے رہائشی نور علی نامی ایک اور شخص نے میڈیا کو بتایا کہ یکم مئی دنیا بھر میں یوم مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے، تاہم مہمند ایجنسی میں اسے موبائل سروس اور رابطوں کی بحالی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ نور علی کے مطابق موبائل سروس کی بحالی سے جہاں عوام اور کاروباری طبقہ خوش و مطمئن ہے  وہاں اس کا زیادہ فائدہ محنت مزدوری کی غرض سے بیرون ملک مقیم تارکین وطن کو ہوا ہے جن کے اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ رابطے منقطع ہو گئے تھے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیٹ ورکس کی بحالی کے بعد ایجنسی میں تھری جی اور فور جی سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 725579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش