0
Saturday 19 May 2018 15:25

کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا پہنچا

کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا پہنچا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ہیٹ ویو کی وجہ سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کا تناسب 14 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ سمندری ہواؤں کی بندش اور حبس کے باعث گرمی کی شدت 45 ڈگری محسوس کی گئی۔ شدید گرمی، پانی کی بندش اور کے الیکٹرک کی جانب سے فنی خرابیوں کے نام پر طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے رمضان المبارک کے ابتدائی ایام میں لوگوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز درجہ حرارت 43 ڈگری تک تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی تھی، جبکہ گرمی کی شدت مزید 5 روز تک برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک رہے گا۔

سندھ حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کیلئے کراچی کی مقامی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کیلئے شہر کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، کئی علاقوں میں دن 12 بجے ہی درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کر گیا تھا۔ سندھ میں سب سے زیادہ گرمی ضلع شہید بے نظیر آباد میں دیکھی گئی، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔ واضح رہے کہ 2015ء میں بھی رمضان المبارک کے دوران شدید گرمی کی لہر آئی تھی، جس کی زد میں آکر کم از کم 1600 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 725773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش