0
Saturday 19 May 2018 20:17

بیت المقدس پر اسرائیلی تسلط کسی صورت قبول نہیں کرینگے، ثروت اعجاز قادری

بیت المقدس پر اسرائیلی تسلط کسی صورت قبول نہیں کرینگے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ القدس کا تحفظ امن اور انسانیت کا تحفظ ہے، پُرامن نہتے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی و امریکی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، انسانیت کے علمبردار کے دعویدار ہی انسانیت کے دشمن ہیں، امریکا اور اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، امریکا اور اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر مظالم بند اور مسلم نسل کشی کا سلسلہ نہیں روکا، تو مذاہب کے درمیان جنگ کو کوئی روک نہیں سکے گا، بیت المقدس پر اسرائیلی تسلط کسی صورت قبول نہیں کرینگے، مسلم حکمران بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کے خلاف مشترکہ آواز اٹھائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن کراچی کے دورے کے موقع پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ القدس میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح اُمت مسلمہ کی غیرت و حمیت کیلئے چیلنج ہے، اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک اور سوالیہ نشان ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسرئیلی فوج نے پُرامن احتجاج کرنے والے 60 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا اور ہزاروں زخمی ہیں، اس دردناک واقعے پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی بے حسی کی انتہا ہے، اگر آج فلسطین محفوظ نہیں، تو پھر مسلم حکمران سن لیں، وہ بھی یہود و نصاریٰ سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کا فیصلہ ہے کہ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے، مسلم حکمران یہود و نصاریٰ کی سازشوں اور مسلم نسل کشی کو روکنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی عوام نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی تاریخ رقم کی ہے، مسلم حکمران اس طرز پر چلیں، تو امریکا اور اسرائیل میں جرأت نہیں ہوگی کہ وہ اپنا تسلط قائم رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی فلسطین کے موجودہ حالات کی روشنی میں اسرائیل اور امریکا کو القدس پر قبضہ یا سفارت خانہ بنانے سے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اور واضح اعلامیہ جاری کرے، اقوام متحدہ کی خاموشی سے لگتا ہے کہ یہ عالمی ادارہ نہیں، بلکہ امریکا و اسرائیل کی لونڈی بن گیا ہے، مسلم اُمہ کو بیدار ہونا ہوگا، ورنہ یہود و نصاریٰ مسلم نسل کشی کرتے رہینگے۔
خبر کا کوڈ : 725855
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش