0
Saturday 19 May 2018 21:17

بھکی پاور پلانٹ پنجاب حکومت نے اپنے سرمائے سے لگایا، شہباز شریف

بھکی پاور پلانٹ پنجاب حکومت نے اپنے سرمائے سے لگایا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے 1180 میگا واٹ کے بھکی پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا بھکی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھکی پاور پلانٹ پنجاب حکومت نے اپنے سرمائے سے لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھکی پاور پلانٹ سے 1180 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی اور پاور پلانٹ 8 روپے فی یونٹ بجلی مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھکی، بلوکی، حویلی بہادر شاہ کے پلانٹس میں جدید ترین مشینری لگائی گئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 20 سال سے نیلم جہلم منصوبہ رینگ رہا تھا لیکن اب اس کے فیز بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے آدھی قیمت پر لگے جس سے صارف کو فائدہ مل رہا ہے اور ان منصوبوں سے آدھی قیمت پر بجلی مل رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے والوں نے پاکستان کی معیشت کا دھڑن تختہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہوا، دھرنے نہ ہوتے تو سی پیک کے تحت منصوبے پہلے مکمل ہو چکے ہوتے۔

وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 5 سال میں کے پی کے میں بجلی کی ریل پیل کر دیں گے لیکن خان صاحب 5 سال میں 80 میگا واٹ بجلی پیدا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کر کے بجلی پیدا کی اور پنجاب میں بنائی گئی، بجلی پورے پاکستان کو فراہم کی جا رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سندھ حکومت نے بھی ایک پلانٹ لگایا جس نے بجلی پیدا نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ نے بھی اس منصوبہ کے لئے دن رات کام کیا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ نیب اور عدلیہ سے گزارش ہے کہ جہاں کرپشن ہوئی وہاں ضرور ایکشن لیں لیکن اگر اچھا کام کرنے والوں کو شاباش نہیں دی جائے گی تو گھوڑے گدھے میں تمیزختم ہو جائے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عظیم بنانا ہے تو دن رات کام کرنے والوں کو سراہنا ہو گا۔
 
خبر کا کوڈ : 725891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش