0
Saturday 19 May 2018 21:37

متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان، جی بی آرڈر 2018ء مسترد

متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان، جی بی آرڈر 2018ء مسترد
اسلام ٹائمز۔ متحدہ اپوزیشن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع خان کی قیادت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کے رہنماوں نے جی بی آرڈر 2018ء کے ممکنہ نفاذ کے خلاف پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ اُنکا کہنا تھا کہ حکومت گلگت بلتستان پیکج 2018ء کی شکل میں جی بی کے عوام کو غلامی کا طوق پہنانا چاہتی ہے، جسے روکا جائے گا۔ کیپٹن (ر) شفیع کا کہنا تھا کہ عجیب المیہ ہے جس شخص کو ووٹ دینے کا ہمارے عوام کو حق حاصل نہیں ایسے شخص کو جی بی کے سیاہ و سفید کا مالک بناکر انسانی حقوق پامال کرنے کی کوشش کی گئی۔ آئین پاکستان کسی وزیراعظم، وزیراعلٰی یا انتظامی سربراہ کو آئین سازی کا اختیار نہیں دیتا، بلکہ صرف انتظامی اختیارات دیتا ہے۔ جبکہ حالیہ اصلاحاتی پیکج آڈر کے تحت تمام تر اختیارات اور تمام انتظامی اور آئین سازی کے اختیارات وزیراعظم کے ہاتھوں میں دیکر تمام آئینی اور قانونی تقاضوں کو پامال کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنکا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام اس آرڈر کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ جی بی کیلئے جو بھی نظام دینا ہے اُسے آئین میں ترمیم کرکے آئینی ایکٹ کی شکل میں دے دیں۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی سابقہ قراداد واضح طور پر موجود ہے، جس کے تحت مکمل آئینی صوبہ بنانے کا مطالبہ ہے۔ اس سلسلے میں مقبوضہ کشمیر طرز پر خطے کی متنازعہ حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے ریاست کا درجہ دیا ہوا ہے اور سٹیٹ سبجیکٹ رول کو بھی تحفظ دیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان کو کسی قسم کی مجبوری کا سامنا ہے تو ہمیں آزاد کشمیر کے طرز پر سیٹ اپ دیا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جی بی کے عوام کا بھی یہی مطالبہ ہے اور اس سے ہٹ کر کسی پیکج یا اصلاحات کے نام پر آرڈر کا نفاذ کیا گیا تو خطے کے عوام احتجاج پر مجبور ہو گی۔ اپوزیشن اتحاد سی پیک کے تناظر میں گلگت بلتستان کی حساسیت کے پیش نظر نہیں چاہتا کہ خطے میں حالت خراب ہو، مگر اگر حکومت کے کسی غلامی آرڈر کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر ہم خبرادر کرتے ہیں کہ تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ متحدہ اپوزیشن کی پریس کانفرنس میں نواز خان ناجی، محمد جاوید، کاچو امتیاز حیدر خان اور راجہ جہانگزیب کے علاوہ اپوزیشن لیڈر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 725894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش