0
Sunday 20 May 2018 11:24

سڑک کی غیر قانونی تعمیر ، قومی احتساب بیورو لاہور نے نواز شریف کو آج پھر طلب کرلیا

سڑک کی غیر قانونی تعمیر ، قومی احتساب بیورو لاہور نے نواز شریف کو آج پھر طلب کرلیا
اسلام ٹائمز۔ رائیونڈ سے جاتی امراء تک سڑک کی مبینہ غیر قانونی تعمیر کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج پھر طلب کرلیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 1998ء میں رائیونڈ روڈ سے جاتی امراء تک غیر قانونی طور پر سڑک تعمیر کرانے کا الزام ہے۔ نیب نے اس سے قبل 21 اپریل کو نواز شریف کو طلب کیا تھا تاہم لندن میں اہلیہ کی عیادت کی وجہ سے وہ پیش نہ ہو سکے، تاہم انہیں آج کے لئے نیب نے طلب کر رکھا ہے جس کے لئے نیب لاہور کی جے آئی ٹی نے جاتی امراء میں طلبی سمن کی تعمیل کرائی۔ نیب کے مطابق نواز شریف نے 1998ء میں بطور وزیراعظم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امراء تک سڑک تعمیر کروائی اور ان کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی، جس سے لاگت میں مزید اضافہ ہوا۔ نیب کے مطابق 17 اپریل 2000ء کی تفتیش کے مطابق منصوبے پر 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کرپشن سامنے آئی جب کہ 2016 تک یہ انکوائری التوا کا شکار رہی اور 2016 کے بعد چیئرمین نیب نے براہ راست کیس کی تحقیقات کا حکم دیا۔ نیب کے مطابق سڑک کی تعمیر کے لیے ضلع کونسل کے کئی منصوبے بند کرائے گئے اور ایک اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ بھی سڑک کی تعمیر پر خرچ کیا گیا۔ اس کیس میں موجودہ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف بھی نامزد ہیں جب کہ ضلع کونسل، ایل ڈی اے کے افسران اور ٹھیکیدار کو بھی طلب کیا جائے گا اور تفتیش مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 725965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش