QR CodeQR Code

بلوچستان عوامی پارٹی نے نئی تعمیری اور مثبت سیاست کی بنیاد رکھ دی ہے، سعید احمد ہاشمی

20 May 2018 13:59

کوئٹہ میں‌ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ بی اے پی ہی صوبے کے حکومتی ایوان میں راج کریگی اور دراصل یہ راج بلوچستان کے عوام کرینگے، جنکو پہلی بار صوبے میں اپنے فیصلے خود کرنیکا واک و اختیار مل چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ہم نے بلوچستان میں ایک نئی تعمیری اور مثبت سیاست کی بنیاد رکھ دی ہے، جو کہ خود مختار اور عوامی امنگوں کے عین مطابق ہوگی، یہ سیاست پرامن اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ سعید احمد ہاشمی نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں سمیت قبائلی عمائدین اور عوام کی جوق درجوق شمولیت نے الیکشن سے قبل ہی بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ بی اے پی ہی صوبے کے حکومتی ایوان میں راج کرے گی اور دراصل یہ راج بلوچستان کے عوام کریں گے، جن کو پہلی بار صوبے میں اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار مل چکا ہے۔ کارکن اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیاری مکمل کریں اور صوبے بھر میں پھیل جائیں۔

اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے انقلاب لاتے ہوئے بلوچستان کی سیاست اور فیصلوں ہر جاتی امراء، بنی گالہ اور بلاول ہاؤس کی گرفت اور اجارہ داری کا خاتمہ کر دیا ہے۔ بلوچستان پر اب کوئی سودے بازی نہیں کرسکے گا اور نہ ہی ہم دوسروں کے لئے استعمال ہونگے۔ بلوچستان میں مفاد پرستی اور اجارہ داری کی سیاست کا 2018ء کے الیکشن میں خاتمہ کر دیں گے۔ عوام ایسے عناصر کو یکسر رد کرنے والے ہیں، جنہوں نے اپنے مفادات کے لئے صوبے اور کارکنوں کو استعمال کیا تھا۔ عوام اب بیدار ہو چکے ہیں اور تبدیلی بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 726025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/726025/بلوچستان-عوامی-پارٹی-نے-نئی-تعمیری-اور-مثبت-سیاست-کی-بنیاد-رکھ-دی-ہے-سعید-احمد-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org