0
Sunday 20 May 2018 17:18

کراچی میں جھلا دینے والی گرمی، پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا

کراچی میں جھلا دینے والی گرمی، پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں جھلسا دینے والی گرمی نے روزے داروں کو نڈھال کر دیا، پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا، قیامت خیز گرمی کے باعث لوگ بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن ہے۔ شہر میں سورج آگ برسانے لگا، قیامت خیز گرمی کے باعث لوگ بلبلا اٹھے۔ دوپہر 3 بجے کراچی کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جب کہ گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) 45 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 15 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔ سمندری ہوائیں بند ہیں، شدید حبس اور گرمی کے باعث شہریوں کا جینا عذاب ہوگیا ہے۔ شدید گرمی، ہوا، پانی کی بندش اور کے الیکٹرک کی جانب سے فنی خرابیوں کے نام پر طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے رمضان المبارک کے ابتدائی ایام میں لوگوں کیلئے مشکلات بڑھا دیں۔ گرم موسم کے باعث شہر میں ویرانی اور سڑکوں پر سناٹا چھایا ہوا ہے، شہریوں نے گرمی سے بچنے کیلئے خود کو گھروں تک محدود کر لیا ہے۔

محکمہ موسمیات 19 سے 23 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کر چکا ہے، گزشتہ روز بھی کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں جانےسے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجبوراً جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں، جبکہ سندھ حکومت نے صورت حال سے نمٹنے  کیلئے کراچی کی مقامی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کر رکھی ہیں، اس کے علاوہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ دوسری جانب اندرون سندھ کے بھی کئی علاقوں میں  شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، چھور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ، مٹھی میں 43، حیدرآباد میں 42، بدین میں 41، سکھر میں 41، دادو میں 41، لاڑکانہ میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 726105
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش