0
Monday 21 May 2018 23:58

عمران خان چور دروازے سے وزیراعظم بن بھی گئے تو ملک کا 100 دنوں میں ہی دیوالیہ نکل جائیگا، وقار مہدی

عمران خان چور دروازے سے وزیراعظم بن بھی گئے تو ملک کا 100 دنوں میں ہی دیوالیہ نکل جائیگا، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے 100 دنوں کے پروگرام کے 6 نکاتی ایجنڈے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلی کو خواب میں چھیچھڑے ہی نظر آتے ہیں، عمران خان عمر بھر عوام کے ووٹوں کی طاقت سے تو وزیراعظم کبھی بن نہیں سکتے، البتہ چور دروازے سے اور چوری کے ذریعے وزیراعظم کی کرسی تک پہچنے میں اگر کامیاب بھی ہوگئے، تو بھی 100 دنوں پر مشتمل اپنا پروگرام 1000 دنوں میں بھی مکمل نہیں کر سکیں گے۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ عوام کو پی ٹی آئی کی صلاحیت کے پی کے میں اچھی طرح سے نظر آ چکی ہے، وہاں تحریک انصاف کی حکومت کے 1825 دنوں میں نہ ایک اسپتال بنا سکی اور نہ ہی کوئی یونیورسٹی وجود میں لا سکی، جو پارٹی ایک صوبے میں 2013ء میں اپنے اعلان کردہ 90 روزہ پروگرام پر عمل نہ کر سکی، وہ 100 دنوں میں پورے ملک میں کیا کام کریگی۔

وقار مہدی نے کہا کہ ہاں 100 دنوں میں تین چار بنی گالا ضرور بن سکتے ہیں، آف شور نیازی لمیٹڈ کمپنیاں ضرور وجود میں آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنا اور جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا پیپلز پارٹی کا دس سال پرانا پروگرام ہے، جس کی نقل تحریک انصاف نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ عوام کو سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں ہے، خان صاحب کو یہ بھی نہیں معلوم کہ سرکاری ٹینڈر کا عمل مجموعی طور پر 60 سے 90 دنوں محیط ہوتا ہے، 100 دنوں میں خان صاحب کاغذ کے 50 لاکھ گھر تو بنا سکتے ہیں، لیکن وہ گھر جہاں انسان رہ سکیں، وہ نہیں بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک 1 کروڑ نوکریاں دینے کی بات ہے، تو خان صاحب یہ فرمائیں کہ یہ نوکریاں آپ کہاں سے پیدا کریں گے، کتنے نئے سرکاری ادارے کھولیں گے، اس کا بجٹ کہاں سے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا 100 روزہ پروگرام عوام کو بیوقوف بنانے اور عوام کو سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں، عمران خان چور دروازے سے وزیراعظم بن بھی گئے، تو ملک کا 100 دنوں میں ہی دیوالیہ نکل جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 726419
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش