QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے میں 6 دن باقی رہ گئے

22 May 2018 11:31

اسمبلی کے 5 سالہ دور میں اپوزیشن صرف 4 بار اجلاس کیلئے ریکوزیشن کر سکی، جبکہ زیادہ اجلاس حکومت کیجانب سے بلائے گئے، اے این پی کے سید جعفر شاہ اور جے یو آئی (ف) کے مفتی جانان فعال ایم پی ایز کے طور پر سامنے آئے، سابق ڈپٹی اسپیکر مہرتاج روغانی اور جے یو آئی (ف) کی نجمہ شاہین کو کم چھٹیاں کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے میں 6 دن باقی رہ گئے، دن تھوڑے رہ جانے کے باعث اسمبلی اجلاس کے امکانات معدوم ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق 5 سالہ دور میں عوامی نیشنل پارٹی کے جعفر شاہ اور جمیعت علماء اسلام (ف) کے مفتی سید جانان سرگرم ارکان میں شامل رہے۔ سابق ڈپٹی اسپیکر مہرتاج روغانی اور جے یو آئی (ف) کی نجمہ شاہین کو کم چھٹیاں کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے الوداعی اجلاس کے امکانات آئینی مدت کے روز کم رہ جانے کے باعث معدوم ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے میں صرف 6 روز باقی رہ گئے ہیں، اسمبلی کے 5 سالہ دور میں اپوزیشن صرف 4 بار اجلاس کیلئے ریکوزیشن کر سکی، جبکہ زیادہ اجلاس حکومت کی جانب سے بلائے گئے۔

5 سالہ پارلیمانی دور میں اے این پی کے سید جعفر شاہ اور جے یو آئی (ف) کے مفتی جانان فعال ایم پی ایز کے طور پر سامنے آئے، مفتی سید جانان نے 121 سوالات، 10 تحریک التواء، 19 قراردادیں اور 11 توجہ دلاؤ نوٹس پیش کئے۔ اے این پی کے سید جعفر شاہ 94 سوالات سامنے لائے اور 42 قراردادیں پیش کیں۔ جے یو آئی (ف) کے مفتی فضل غفور اور اے این پی کے سید جعفر شاہ نے 94، 94 سوالات پیش کئے، پارلیمانی امور میں خواتین نے بھی خوب دلچسپی لی، جے یو آئی (ف) کی نجمہ شاہین سر فہرست رہیں۔ انہوں نے 107 سوالات، 7 قراردادیں اور 10 توجہ دلاؤ نوٹس پش کئے۔ سابق ڈپٹی اسپیکر مہرتاج روغانی نے سب سے کم  صرف 6 چھٹیاں کیں، جبکہ نجمہ شاہین 7 دن غیر حاضر رہیں۔

وزراء میں وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نمبر لے گئے، انہوں نے ایوان میں 82 بل قانون سازی کیلئے ایوان میں پیش کئے۔ اسپیشل اسسٹنٹ عارف یوسف نے 47، عنایت اللہ نے 40، شہرام خان نے 41 بل پیش کئے، (ن) لیگ کے گوہر نواز کی پارلیمان میں عدم دلچسپی رہی، گوہر نواز 27 سیشنز کے اجلاسوں میں سے 187 دن غیر حاضر رہے، وزیراعلٰی پرویز خٹک 177، اے این پی کے گوہر علی شاہ اور احمد بہادر 173 دن اجلاسوں میں شریک نہ ہوئے۔ حکومت کو آخری دنوں میں کورم کا مسئلہ درپیش رہا اور کورم کی نشاندہی پر اجلاس بغیر کسی کارروائی کے بھی ختم ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی امیدوار بلدیو کمار ایم پی اے کی حیثیت سے حلف نہیں اٹھا سکے۔


خبر کا کوڈ: 726502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/726502/خیبر-پختونخوا-حکومت-کی-آئینی-مدت-ختم-ہونے-میں-6-دن-باقی-رہ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org