0
Tuesday 22 May 2018 13:31

کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرگیا

کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرگیا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، شہر کا درجہ حرارت آج بھی 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوئے گا۔ سمندری ہوائیں تیسرے روز بھی بند ہونے کے باعث شہریوں کو آج بھی گرم ہواؤں اور چلچلاتی دھوپ کا سامنا رہے گا، تاہم آج شمال کی جانب سے ہلکی رفتار سے گرم ہوائیں چلیں گی۔ دوپہر 1 بجے کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جبکہ گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) 43 درجہ محسوس کی جا رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کا سلسلہ جمعرات تک برقرار رہے گا۔ دوسری جانب شہر میں جاری شدید گرمی کے باعث سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات مؤخر کر دیئے گئے ہیں۔ ایس ایم آئی یو میں 22 سے 24 مئی تک ہونے والے امتحانات کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ رجسٹرار سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے مطابق 25 مئی سے شیڈول بقیہ امتحانات مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ تین روز سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جبکہ گرمی، ہواؤں کی بندش اور کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا عذاب کیا ہوا ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق کراچی میں حالیہ گرمی کے سبب چند روز کے دوران 60 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اندرون سندھ میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، حیدرآباد میں درجہ حرارت 41، موئن جو دڑو، سکھر میں 42، مٹھی میں 43 اور چھور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 726541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش