QR CodeQR Code

عراق میں سیاسی جوڑ توڑ کا عمل اپنے عروج پر

السائرون الائنس کے رہنما مقتدIی صدر کی سید عمار الحکیم سے ملاقات

22 May 2018 16:42

جمہوریہ عراق کے پارلیمانی انتخابات میں کسی بھی ایک پارٹی یا سیاسی اتحاد نے واضح اکثریت حاصل نہیں کی۔ عراق کی اگلی حکومت مخلوط صورت میں ہی تشکیل دی جا سکتی ہے۔ مرکزی حکومت کی تشکیل کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عراق میں سیاسی جوڑ توڑ کا عمل اپنے عروج پر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کے انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والے اتحاد السائرون کے راہنما سید مقتدی صدر نے بغداد میں سید عمار الحکیم سے انکے دفتر میں ملاقات کی ہے۔ سید عمار الحکیم عراق کے شیعہ ملی اتحاد کے راہنما اور الحکمہ موومنٹ کے صدر ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں مرکزی حکومت تشکیل دینے کیلئے گرینڈ الائنس کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ صدر موومنٹ اور السائرون الائنس کے سربراہ کی سید عمار الحکیم سے گذشتہ ایک ہفتہ میں یہ دوسری اہم ملاقات تھی۔ سید مقتدٰی صدر اور سید عمار الحکیم نے گذشتہ ہفتہ عراق کے شہر نجف اشرف میں ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں جو کافی دیر تک جاری رہی تھی دونوں سیاسی راہنماوں نے عراق کی مرکزی حکومت کی تشکیل کے بارے میں اہم تبادلہ خیال کیا تھا۔ یہ ملاقات نجف اشرف کے علاقے الحنانہ میں سید مقتدٰی صدر کے گھر پر انجام پائی تھی۔
 


اسی طرح گذشتہ روز سید مقتدٰی صدر نے عراق کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنے والے سیاسی اتحاد الفتح کے راہنما ہادی العامری سے بھی ملاقات کی تھی۔ ہادی العامری کی صدارت میں فعالیت کرنے والے اتحاد الفتح کو داعش کے مخالف قیام کرنے والی مسلح عوامی فورسز الحشد الشعبی کے نزدیک سمجھا جاتا ہے۔


 
عراق کے گرم سیاسی تنور میں کردستان کی سیاسی جماعت حزب ڈیموکریٹ بھی فعال ہو چکی ہے۔ آج اس پارٹی کا اہم وفد مسعود بارزانی کی قیادت میں سیاسی گفتگو و شنید کیلئے بغداد روانہ ہوا ہے۔ کردستان ڈیموکریٹیک پارٹی کے سیاسی امور کے سربراہ ہوشیار زیباری نے بتایا اس پارٹی کے وفد کی بغداد میں کامیاب ہونے والی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی موجودہ انتخابات میں 25 سیٹیں حاصل کر کے کرد جماعتوں میں پہلی پوزیشن پر آئی ہے۔  
 


خبر کا کوڈ: 726623

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/726623/السائرون-الائنس-کے-رہنما-مقتدiی-صدر-کی-سید-عمار-الحکیم-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org