0
Wednesday 23 May 2018 17:49

امریکی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کراچی میں سپردِ خاک

امریکی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کراچی میں سپردِ خاک
اسلام ٹائمز۔ امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پروازٹی کے 708 کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پہنچی، جہاں اے ایس ایف اہلکاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی، جس کے بعد میت کو سبیکہ کے گھر منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں سبیکا کی نمازِ جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ کی امامت وفاقی اردو یونیورسٹی کی مسجد کے مولانا حافظ اقبال نے کرائی۔ نماز جنازہ میں سبیکا کے اہلخانہ اور رشتے داروں کے علاوہ گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال سمیت بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی، اس موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سبیکا کو شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

سبیکا شیخ کا تعارف
17 سالہ سبیکا شیخ کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ 21 اگست کو امریکی اسکالرشپ پروگرام کے تحت 10 ماہ کیلئے امریکا گئی تھیں، ریاست ٹیکساس کے سینٹا فے ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں، جمعہ 18 مئی کو اسکول میں وہیں کے ہی دمیتری پارگورٹسز نامی طالبعلم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سبیکا سمیت 9 طلبہ اور ایک استاد ہلاک ہوگئے، سبیکا کو 9 جون کو وطن واپس آنا تھا۔
خبر کا کوڈ : 726843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش