0
Thursday 24 May 2018 20:33

لائن آف کنٹرول پر صورتحال تشویشناک ہے، محبوبہ مفتی

لائن آف کنٹرول پر صورتحال تشویشناک ہے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے لائن آف کنٹرول پر شلنگ کے تازہ سلسلے کی وجہ سے ریاست کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے منافرت کے ماحول کو فوری طور سے ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے جموں خطہ میں سرحدوں پر فائرنگ کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کے تازہ سلسلے پر دُکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گولہ باری کی وجہ سے جموں و کشمیر کے عوام کا احساس تحفظ اور جان و مال متاثر ہوتا ہے اور چلائی گئی کسی بھی گولی یا مارٹر شیل سے اس ریاست کے باشندے ہی متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے جموں میں بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ روز تازہ شلنگ سے چار شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ تکلیف دہ بات ہے کہ ہمیں سرحدوں پر پیدا شدہ ناخوشگوار حالات کی وجہ سے آئے دن لوگوں کی جانوں کا زیاں اور جائیداد کی تباہی کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں سے بڑے پیمانے پر مکینوں کی ہجرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آٹھ ماہ کے بچے کے جسم پر گولیوں کی تصاویر شاید اس خطہ میں انسانیت کا ضمیر جھنجوڑنے کے لئے کافی نہیں ہے تاکہ اس بے مقصد کے خون خرابے کا خاتمہ کیا جاسکے۔ کشمیر سے مستحکم امن اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ پہلے اُس وقت کے بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے موثر سٹیٹس مین شِپ کا مظاہرہ کر کے بھارت اور پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر کے 2003ء میں سرینگر کے تاریخی دورے کے دوران امن اور باعزت حل کی تمنا ظاہر کی تھی، جس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 727070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش