QR CodeQR Code

سعودی قونصل خانے کے اہلکار کو القاعدہ نے قتل کیا، رحمن ملک

18 May 2011 08:27

اسلام ٹائمز:منگل کو یہاں سعودی سفارتخانے کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ سعودی اہلکار کو قتل کرنے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو خراب کرنا ہے اور القاعدہ دیگر تنظیموں کے ساتھ ملکر دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہے


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے تمام سفارتکاروں کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سعودی قونصل خانے کے اہلکار کو القاعدہ نے قتل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد پانچ افراد کو گرفتار کیا، جن کی شناخت ظاہر نہیں کر سکتے، امریکا نے اسامہ کی بیواؤں اور بچوں کی حوالگی کا مطالبہ نہیں کیا۔ منگل کو یہاں سعودی سفارتخانے کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ سعودی اہلکار کو قتل کرنے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو خراب کرنا ہے اور القاعدہ دیگر تنظیموں کے ساتھ ملکر دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹر جان کیری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ معلومات کا تبادلہ کیا جائیگا، کسی بھی ہائی ویلیو ٹارگٹ کیخلاف مشترکہ کارروائی ہو گی۔ 
علاوہ ازیں وزیر داخلہ رحمن ملک کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان اور سیکورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے اور فول پروف سیکورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ کو مزید موثر بنایا جائے اور اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 72710

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/72710/سعودی-قونصل-خانے-کے-اہلکار-کو-القاعدہ-نے-قتل-کیا-رحمن-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org